ڈی جی رینجرز سندھ کا سانحہ بلدیہ کی تحقیقات ،تفتیش پر بعض شخصیات کے اثر انداز ہونے پر تشویش کا اظہار

اجلاس میں ایک سیاسی تنظیم کے بھتہ خور گروپ کی جانب سے متاثرین ،تحقیقاتی افسر کو ملنے والی دھمکیوں کاجائزہ لیا گیا، سانحہ بلدیہ میں ملوث ملزمان کی پشت پناہی کرنیوالے اور ان سے ہمدردی رکھنے والے افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے ،میجر جنرل بلال اکبر کی ہدایت

منگل 3 مارچ 2015 19:32

ڈی جی رینجرز سندھ کا سانحہ بلدیہ کی تحقیقات ،تفتیش پر بعض شخصیات کے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے سانحہ بلدیہ کی تحقیقات اور تفتیش پر بعض شخصیات کے اثر انداز ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ سانحہ بلدیہ میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے ۔اس ضمن میں رینجرز ہیڈکوارٹر کراچی میں منگل کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی صدارت میں رینجرز کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو ا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رینجرز انٹیلی جنس حکام ،سیکٹر کمانڈر اور ڈی ڈی جی رینجرز نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔اجلاس میں سانحہ بلدیہ میں ملوث ملزم رضوان قریشی کی پراسرار گمشدگی کا جائزہ بھی لیا گیا ۔جبکہ ایک سیاسی تنظیم کے بھتہ خور گروپ کی جانب سے متاثرین اور تحقیقاتی افسر کو ملنے والی دھمکیوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے دوران ڈی جی رینجرز نے ہدایات جاری کیں کہ سانحہ بلدیہ میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے ،ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔جبکہ سانحہ بلدیہ میں ملوث ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے اور ان سے ہمدردی رکھنے والے افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :