پنجاب اسمبلی کی عمارت کے باہر نابینا افراد کی ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں سے ہاتھاپائی،

نابینا مظاہرین چیئرنگ کراس مال روڈ پر پہنچ گئے

منگل 3 مارچ 2015 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پنجاب اسمبلی کی عمارت کے باہر نابینا افراد کی ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں سے ہاتھاپائی کے بعد نابینا مظاہرین چیئرنگ کراس مال روڈ پر پہنچ گئے اور انہوں نے ایک دوسرے کو سفید چھڑیوں کا سہارا دے کر مال روڈ پر ٹریفک بند کردی، نابینا افراد کے احتجاج کا آج دوسرا دن تھا چیئرنگ کراس پر نابینا مظاہرین اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے گانوں کے ذریعے راہ گیروں کو اپنی طرف متوجہ کرتے رہے اور حکومت کو بددعائیں دیتے رہے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی خواتین بھی نابینا افراد کے احتجاجی دھرنے میں شامل ہو گئیں، تمام دن دھرنے میں گزارنے کے بعد لاہور سے ایم این اے حمزہ شہباز نے نابینا مظاہرین کے وفد کو طلب کرلیا جنہیں ایک سرکاری گاڑی میں بٹھا کر حمزہ شہباز سے ملاقات کے لئے لے جایا گیا لیکن شام 5بجے تک نابینا افراد سے حمزہ شہباز کی ملاقات نہ ہو سکی جبکہ دیگر نابینا افراد چیئرنگ کراس پر اپنے وفد کی واپسی تک مظاہرہ کرتے رہے، دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نابینا افراد کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر ایک اجلاس طلب کیا جس میں نابینا افراد کے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔