Live Updates

ہارس ٹریڈنگ پر عمران خان نے اصولی موقف اپنایا ،حکومت ایک بار پھر”ایکسپوز“ ہوگئی ‘عبدالعلیم خان،

شکست کے خوف سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہو رہے ،پی ٹی آئی کی تنظیم سازی مزید مضبوط کریں گے ‘صدرپی ٹی آئی لاہور

منگل 3 مارچ 2015 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے اور صاف اور شفاف انتخابی عمل کیلئے عمران خان نے اصولی موقف اپنایا اور کسی قسم کی مصلحت اورپارٹی پالیٹکس سے بالاتر ہو کر سیاسی نظام و جمہوریت کی مضبوطی کیلئے وسیع تر ایجنڈہ پیش کیا لیکن حکومت ایک بار پھر "ایکسپوز" ہو گئی اور ذاتی مفادات اور پی ٹی آئی کے احتجاج کا راستہ روکنے والے نواز زرداری بھائی بھائی اس اہم قومی مسئلے پر کوئی پیش رفت نہ کر سکے ۔

پی ٹی آئی کینٹ ٹاؤن کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی" مس مینجمنٹ "نے ہر شہر میں ڈیرہ لگا رکھا ہے اور صرف ایک دن کی بارش نے بھاری جانی ومالی نقصان کیا ہے اور مصیبت میں گھرے عوام کا کوئی پُر سان حال نہیں جبکہ پی ٹی آئی سے شکست کے خوف کے باعث پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہورہے سپریم کورٹ کو اس معاملے کا نوٹس لینا پڑا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجیحات کا عوامی مسائل کے حل سے دور کا بھی تعلق نہیں عوام دو وقت کی روٹی کو تر س رہیں ہیں جبکہ حکمرانوں کو بیرونی دوروں اور ذاتی بزنس کی فکر لاحق ہے ان حالا ت میں سب اچھا کا دعویٰ کسی دیوانے کی بڑکے علاوہ کچھ نہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق ملک میں یکساں تعلیم، صحت اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کرے گی اور پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدام اُٹھائیں جائیں گے ،انہوں نے کینٹ ٹاؤن بلخصوص این اے 125کے پارٹی امور کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں سے تجاویز طلب کی اور ممکنہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی سے آگاہ کیا ،انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے عام انتخابات میں کینٹ ٹاؤن میں سب سے بڑی دھاندلی کی ،پی ٹی آئی کے کارکن بلدیاتی انتخابات میں اس کا حساب چکائیں گے ۔

اس موقع پرشعیب صدیقی ،فرحت عباس ،پروفیسر پرویز،فیصل بھٹی ،حق نواز نیازی ،کامران ملک ،سجاد کھرل ،ڈاکٹر خادم،مظہر حفیظ بٹ،ڈاکٹرزرقا ،ارم بخاری ،سارہ احمد اور دیگر افراد بھی موجود تھے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات