اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور الاوٴنسز میں سو فیصد اضافے کی سفارش قابل مذمت ہے ‘ پاکستان جمہوری اتحاد

بدھ 4 مارچ 2015 14:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں اور الاوٴنسز میں سو فیصد اضافے کی سفارش قابل مذمت ہے ، ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کے ذریعے اسمبلی کی زینت بننے والے یہ اراکین عوام کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں اورعام آدمی آج بدترین معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا جس ملک میں لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہوں اور ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے ادویات تک دستیاب نہ ہو ں وہاں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور الاوٴنسز میں سو فیصد اضافے کی تجویز صرف قابل مذمت ہی نہیں باعث شرم بھی ہے، پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی نے مسائل اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی ہوئی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے،انہوں نے کہا کسی بھی اپوزیشن جماعت نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر اپنا رد عمل ظاہر نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سب چور اور لٹیرے ذاتی مفادات کیلئے ایک ہیں اور محض قوم کو بیوقوف بنایا جارہا ہے،انکا کہنا تھا کہ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی گزشتہ اڑھائی سال کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، اس دوران عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں معاشی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کسی قسم کی کوئی قانون سازی نہیں کی گئی ،اسمبلیوں کے ممبران کی ایک بڑی تعداد تو محض شو پیس کا کردار ادا کررہی ہے،ان حالات میں اراکین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافے کی تجویز قومی مفاد کے صریحاً منافی ہے جس کیخلاف آواز بلند کرینگے۔