سرکاری شعبے کی طرح نجی شعبے میں بھی خواتین کیلئے نوکری کا کوٹہ مختص کیا جائے گا‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

بدھ 4 مارچ 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء )وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنے کیلئے ہر سطح پر جاری مہم میں تیزی لائی جا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج کوپر روڈ پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام وراثتی جائیداد کی منتقلی اور لوکل باڈیز میں خواتین کی موٴثر نمائندگی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے متعدد مثالی اقدامات کئے ہیں۔ نئے قوانین متعارف کروانے کے ساتھ بعض پرانے قوانین کی ترامیم کی گئی ہیں جن سے خواتین زیادہ پراعتماد ہوکر قومی و معاشی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین کے تحفظ کے ایکٹ 2012میں ترمیم، ایسڈبل ، خواتین کے تعلیمی اداروں میں خواتین کنٹریکٹرز اور عملے کی تعیناتی، تربیتی کورسوں میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات اور تعلیمی نصاب میں خواتین کے معاشی و معاشرتی کردار کے حوالے سے نئے اسباق متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے کی طرح نجی شعبے میں بھی خواتین کیلئے نوکری کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی بورڈ آف گورنرز میں خواتین کی 33فیصد نمائندگی لازمی قرار دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زچگی سے 30دن پہلے اور زچگی کے 30دن بعد خواتین ورکروں سے سخت کام لینے پر پابندی کی سمری منظور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوم بیسڈ ورکرز کیلئے پالیسی کا مسودہ حتمی رائے کیلئے محکمہ قانون کو بھجوایا جا رہا ہے۔ خواتین کے وراثت کی منتقلی کو یقینی بنانے اور ہراسمنٹ مہم کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔