Live Updates

الیکشن ٹربیونل کا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور پنجاب اسمبلی کے پی پی 147 میں ڈالے گئے ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کا حکم، نادرا کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم

بدھ 4 مارچ 2015 23:32

الیکشن ٹربیونل کا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست منظور ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور پنجاب اسمبلی کے پی پی 147 میں ڈالے گئے ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کا حکم دیتے ہوئے نادرا کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔لاہور میں الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کی۔

الیکشن ٹربیونل کے روبر و تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے درخواست دائر کی تھی کہ این اے 122 کے ریکارڈ کا درست طریقہ سے معائنہ نہیں کیا گیا اور رپورٹ میں واضح نہیں لکھا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں لہٰذا ریکارڈ کو نادرا میں تصدیق کے لیے بھجوایا جائے۔ دوران سماعت سردار ایاز صادق کے وکیل اسجد سعیدنے عدالت کو بتایا کہ این اے 122 کے تھیلے بھی کھل چکے ہیں اور ووٹوں کی گنتی بھی دوبارہ ہو چکی ہے ، لہٰذا ریکارڈ نادرا کو بھجوانے کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے تمام دلائل سنے کے بعد عمران خان کی درخواست منظور کرلی اور ریکارڈ تصدیق کے لیے نادرا کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔ اس کے ساتھ عدالت نے پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی کی بھی درخواست منظور کر لی اور پی پی 147 کا ریکارڈ بھی نادرا سے تصدیق کرانے کا حکم دیدیا۔ ٹربیونل نے نادرا کو یہ بھی احکامات جاری کیے کہ دونوں حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کر کے 30 دن میں رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔واضح رہے کہ این اے 122 پر قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات