پیپلزپارٹی کا حکومت پر بے ضابطگی کے الزامات ،نعرے بازی اور شور شرابہ ،پولنگ کا عمل چند لمحوں کیلئے رک گیا

جمعرات 5 مارچ 2015 14:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء)سینیٹ انتخابات کے سلسلہ میں پنجاب اسمبلی میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت پر بے ضابطگی کے الزامات کے بعد نعرے بازی اور شور شرابے کے باعث پولنگ کا عمل چند لمحوں کیلئے رک گیا ، صوبائی وزراء نے پیپلز پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ”بلا مقابلہ شکست “پریشانی کا شکار ہے اور یہ سب کچھ صرف میڈیا میں آنے کیلئے کیا گیا۔

گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کے لئے پنجاب اسمبلی میں پولنگ کے دوران جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن اور پیپلز پارٹی کی طرف سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کرنے والے سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے الزام عائد کیا کہ اراکین اسمبلی کو بیلٹ پیپرز دکھانے پر مجبور کیا جارہا ہے جو دھاندلی اور بے ضابطگی ہے ۔

(جاری ہے)

شور شرابے پر اپوزیشن چیمبر میں موجود پیپلز پارٹی کے اراکین بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ جواب میں حکومتی اراکین کی طرف سے بھی نعرے لگائے گئے ۔

شور شرابے اور نعرے بازی کی وجہ سے پولنگ کا عمل چند لمحوں کے لئے رک گیا تاہم اراکین کے باہر جانے کے بعد ووٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اور حکومتی اراکین کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی والے ”بلا مقابلہ شکست “ پر پریشان ہیں ۔ راجہ ریاض اور دیگر کا واویلا صرف میڈیا میں آنے کی کوشش ہے ۔