حکومت اور عوام پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بر وقت تکمیل کیلئے حالات کو سازگار رکھیں ‘ صدر مملکت

جمعرات 5 مارچ 2015 16:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں اقتصادی ترقی شروع ہو جائے گی ،حکومت اور عوام اقتصادی راہداری منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لئے حالات کو سازگار رکھیں ،حکومت نے ورلڈ بینک اور چین کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے 15منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے جس سے آئندہ تین سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کامکمل خاتمہ یا صرف برائے نام رہ جائے گی ، آپریشن ضرب عضب کامیاب سے جاری ہے اور پاک فوج دہشتگردوں کا اس وقت تک تعاقب جاری رکھے گی جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا ، بدعنوانی کے باعث ہم شدید مسائل کا شکار ہیں اور اسی کی وجہ سے خزانہ خالی اور ملک مقروض ہو گیا ،بدعنوان عناصر اگر اپنی اصلاح نہ کریں تو قوم ان کا سماجی بائیکاٹ کرے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فورٹریس اسٹیڈیم میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو 2015ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال ‘ ڈی جی رینجر زپنجاب خان طاہر جاوید خان ‘ صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے میلے کاافتتاح کر کے جو جذبات محسوس کر رہاہوں انہیں بیان کرنا آسان نہیں ۔

یہ میلہ جہاں آمد بہار کی خوشخبری ہے وہیں پاکستان میں ترقی او ر خوشحالی کی نوید بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی سمت ملک میں بہار کے نئے موسم کی نوید سنا رہی ہے ،اس قوم نے غیر معمولی محنت کی ہے ۔نیا سورج ماضی کی تنہائیوں سے نکل کر قوموں کی کے ساتھ چلنے کا پر عزم پاکستان کا سورج ہے ۔ یہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی بساط لپیٹنے اور پر امن اور پر عزم پاکستان کا سورج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب انتہائی کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے اور پاک فوج دہشتگردوں کا اس وقت تک تعاقب جاری رکھے گی جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ورلڈ بینک او رچین کے تعاون سے بجلی کے 15منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے تین برسوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا یا یہ نہ ہو نے کے برابر رہ جائے گی جس سے ہماری صنعت ترقی کرے گی اور میں خوشخبری دے رہا ہوں کہ آئندہ برسوں میں فورٹریس اسٹیڈیم میں میلے کی صنعتی نمائش کی شان ہی کچھ اور ہو گی ۔

میں یہ بتانے میں بھی خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ ملک میں نئے ڈیموں پر کام شروع ہو گیا ہے اور پانی کے ذخائر میں اضافے سے ہماری زراعت ترقی کر یگی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بہترین محلے وقوع سے نواز ہے لیکن اس کرم نوازی کو نظر انداز کرکے نا شکری کی گئی ہے ۔ اب حالات بدل رہے ہیں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں اقتصادی ترقی شروع ہو جائے گی یہ ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں اقتصادی بحالی کا مکمل دارو مدار ہے ۔

اس منصوبے کی بروقت تکمیل ضروری ہے اور حکومت اور عوام اقتصادی راہداری منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لئے حالات کو سازگار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کسی علاقے کے مفاد کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت او ر لائیو سٹاک پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ایک دہائی میں ملک خصوصاً پنجاب میں اس پر قابل قدر کام ہوا ہے جو باعث اطمینان ہے تاہم ان شعبوں کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔

اس شعبے میں پنجاب حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور خوشی کادارو مدار محنت میں پوشیدہ ہے ہمارے دوست ملک چین نے محنت کی اور اس کا ثمر سب کے سامنے ہے ۔ تیس ‘ پینتیس سال پہلے چین کو راشن اور اشیائے ضرورت ملا کرتی تھیں لیکن آج چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ،اسکی ترقی کا راز صرف اور محنت میں پوشیدہ ہے ۔

ہمیں بھی چاہیے کہ اپنی اپنی ذمہ داری ادا کریں اور محنت سے جی نہ چرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جن مسائل کا شکار ہیں ان میں بد عنوانی ایک بڑا عنصر ہے جسکی وجہ سے خزانہ خالی او رملک مقروض ہے ۔ ہمیں اپنے ملک سے ا سکا خاتمہ کرنا ہوگا اس کے لئے ہمیں ایسے عناصر کو راہ راست راست پر لانے کی کوشش کرنی ہو گی لیکن اگر وہ اصلاح نہ پکڑیں تو ایسے عناصر کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ ہمارا معاشرہ اب بد عنوانی عناصر کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔

متعلقہ عنوان :