Live Updates

پی ٹی آئی کا صوبے بھر میں ضلعوں کی سطح پر بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ،

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی پولیٹیکل بورڈ کمیٹی کا اعجاز چوہدری کی زیر صدارت اجلاس، یاسمین راشد سمیت دیگر کی شرکت

جمعرات 5 مارچ 2015 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی پولیٹیکل بورڈ کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت اعجازاحمدچوہدری منعقد ہوا، اجلاس میں رائے حسن نواز، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، چوہدری اشفاق، منصور سرور ،بیرسٹر بختیار قصوری اور عمر ظہیر میر شریک تھے۔ اعجازاحمدچوہدری نے پولٹیکل بورڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف صوبے بھر میں ضلع کی سطح پر بلدیاتی الیکشن کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے گی جو ضلعوں میں ہونے والی حلقہ بندیوں پر بھی نظر رکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف بھرپور حصہ لے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ پچھلے کئی سالوں سے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کررہی ہے اور صوبے میں عوام کو نچلی سطح تک اختیار ات دینے سے گریزا ں ہے۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مثبت اقدام قراردیا جس نے صوبوں میں بلدیاتی الیکشن کو جلد کروانے کاحکم دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے بعد عوام کے مسائل کا ازالہ ہوسکے گا ، اجلاس میں تحریک انصاف کا بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کو تیز کرنے کافیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں پنجاب کے ضلعوں میں بلدیاتی تیاریوں کے حوالے سے دورے بھی کئے جا ئیں گے ۔ ر ہنما ؤں نے کہاکہ عوام کی نمائندگی کرنے والے امیدواروں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گاجوعوام کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے ہی عوام کو فائدہ ہوگا۔اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دشوار بنادیا ہے ، آئے دن مختلف اشیاء پر ٹیکس لگا کر حکمران غریب عوام کو مزیدپریشانی میں مبتلا کررہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) ڈنگ ٹپاؤ پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے ملک بحرانوں کا شکا ر ہو رہا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات