لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کیخلاف دائر اپیل کے قابل سماعت ہونے بارے فیصلہ محفوظ کر لیا،

وزیر اعظم نے مریم نواز کو میرٹ کے برعکس یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن تعینات کیا‘وزیر اعظم نے عہدے کا غلط استعمال کرکے حلف کی پاسداری نہیں کی ‘ عدالت وزیر اعظم کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت کاروائی عمل میں لائے‘ درخواست میں استدعا

جمعہ 6 مارچ 2015 00:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی کے لئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

(جاری ہے)

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی، درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کو میرٹ کے برعکس یوتھ لون سکیم کی چئیرپرسن کے عہدے پر تعینات کیا،عدالتی حکم پر مریم نواز کو یہ عہدہ چھوڑنا پڑا۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کا شناختی کارڈ پر نام مریم صفدر ہے جبکہ یوتھ لون سکیم کی چئیر پرسن کے عہدے کے لئے غلط طور پر مریم نواز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے حلف کی پاسداری نہیں کی لہذا وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔عدالت نے درخواست گزار کے ابتدائی دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔