پاکستانی بلے باز سکور کریں تو یاسر شاہ فائنل الیون میں شامل کرلیں گے،مشتاق احمد

جمعہ 6 مارچ 2015 11:36

پاکستانی بلے باز سکور کریں تو یاسر شاہ فائنل الیون میں شامل کرلیں گے،مشتاق ..

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے بھارت کے خلاف میچ کھیل کر ورلڈکپ ڈیبیو کرنے والے یاسرشاہ کیلئے اگلا میچ کھیلنے کیلئے انوکھی شرط رکھ دی ۔ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے سپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کا اس حوالے سے کہناہے کہ اگر پاکستانی بیٹسمینوں نے رنز کرنا شروع کردیئے تو یاسرشاہ کو فائنل الیون میں جگہ مل سکتی ہے۔

یاسر شاہ کے فائنل الیون میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستانی بلے باز اس وقت فارم میں نہیں اور ان کے اسکور نہ کرنے کی وجہ سے منیجمنٹ کو ایک اضافی بلے باز کھلانا پڑ رہاہے لیکن اگرپاکستانی بلے باز اسکور کرنے لگے تو کوئی شک نہیں کہ یاسر شاہ پاکستان کے فائنل الیون میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

سپن باوٴلنگ کوچ کا ماننا تھا کہ بھارتی ٹیم کے دو اسپنر ایشون اور رویندرا جدیجہ بھارت کو ورلڈ کپ جتوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رواں ورلڈ کپ میں بھارت کے ایشون اور نیوزی لینڈ کے ڈینئل ویٹوری زیادہ بہتر اسپن بالنگ کروارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ” ایشون کو دھونی ٹھیک ویسے استعمال کررہے ہیں جیسے 92کے ورلڈ کپ میں مجھے عمران خان نے استعمال کیا “۔مشتاق نے کہاکہ ایشون ،ویٹوری اور جدیجہ کی کامیابی میں ان کے بلے بازوں کا فارم میں بھی ہونا ہے جس کی وجہ سے انہیں باوٴلنگ میں کافی ایڈونٹیج مل رہاہے۔

مشتاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی ،شیکھر دھون اور سنگاکارا سپنرز کو اچھا کھیل رہے ہیں لیکن ان کے خیال میں اے بی ڈی ویلیئرز ان سب میں زیادہ بہتر انداز میں سپنرز کی خبر لے رہے ہیں۔مشتاق احمد نے اگلے میچ اور جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہام ڈی ویلیئرز کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ باقی پلیئرز کی نسبت ڈی ویلیئرز کو آوٴٹ کرنا بہت مشکل ہے۔