شجرکاری اور صفائی ستھرائی مہم کے دوران تجاوزات کو ہٹانے کیلئے کارروائی کی جائے، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ

جمعہ 6 مارچ 2015 14:22

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) ڈائریکٹر ذاکر حسین کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹی ایم اوز کے ساتھ ایک اہم اجلاس میونسپل کمیٹی سانگھڑ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے تمام میونسپل افسران ٹی ایم اوز کو ہدایات دیں کہ سندھ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مہم سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ثمرات پہنچانے کیلئے سچائی اور ایمانداری سے کام سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

شجرکاری اور صفائی ستھرائی مہم کے دوران تجاوزات کو ہٹانے کیلئے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی زائد روک تھام کیلئے ذاتی دلچسپی لے کر میٹروں کی روزانہ چیکنگ کریں اور جہاں میٹر لگے ہوئے نہ ہوں وہاں فوراً لگائے جائیں اور ملازمین کی ویریفکیشن کروائی جائے۔ اجلاس سے پہلے ڈائریکٹر ذاکر حسین نے پریس کلب سانگھڑ کے صحافیوں کے ہمراہ میونسپل کمیٹی سانگھڑ میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا اور شہر سانگھڑ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے معائنہ کیا۔