بھارت کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ،بھارت ایٹمی جنگ کا خواب دیکھ کر اپنی تباہی اور بربادی کو دعوت دے گا‘مودی سرکار سوچ سمجھ کر پاکستان پر حملے کی باتیں کرے ، ایٹمی جنگ سے دونوں ملکوں کو نقصان ہو گا ‘سینیٹ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ دینے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے مشکور ہوں

مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 مارچ 2015 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) کے پنجاب سے نومنتخب سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا ہے کہ بھارت کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے بھارت ایٹمی جنگ کا خواب دیکھ کر اپنی تباہی اور بربادی کو دعوت دے گا‘مودی سرکار سوچ سمجھ کر پاکستان پر حملہ کرنے کی باتیں کریں ‘پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں ایٹمی جنگ سے دونوں ملکوں کو نقصان ہو گا ‘میاں نوازشریف کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے ایک جنرل کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا اور کامیاب کروایا ‘22آئینی ترمیم الیکشن سے پہلے ہو جاتی تو بہت اچھا ہوتا جبکہ ہم خود ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہیں اور قوم کے مفاد کیلئے انتخابی اصلاحات سمیت جو بھی آئینی اقدامات کرنا پڑے وہ کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہاکہ جمہوری حکومت کے دورمیں میاں محمد نوازشریف نے ایک جنرل کو سینیٹ کا ٹکٹ دے کر کامیابی دلوائی جس پر ان کا شکریہ گزار ہوں اور سینٹ میں آئینی معاملات ،ملکی دفاع اور تحفظ کیلئے جو بھی کردار ادا کرنا پڑا تو کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے آئین میں ترمیم ناگزیر ہے اورہماری جماعت ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے تاہم کچھ لوگ کالے دھن کو سفید کرنا چاہتے تھے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے جبکہ قومی مفاد میں جو بھی آئینی ترمیم کرنا پڑی تو ضرور کریں گے ۔