پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعتوں کو نفاذ اسلام کیلئے تحریک چلانا ہو گی ورنہ مستعفی ہو جائیں ‘علامہ زبیر احمد ظہیر

جمعہ 6 مارچ 2015 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سینئر نائب علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعتوں کو نفاذ اسلام کیلئے تحریک چلانا ہو گی ورنہ انہیں اسمبلیوں میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں وہ مستعفی ہو جائیں ‘پروفیسر ساجد میر اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی سینیٹ میں نفاذ اسلام کیلئے آواز بلند کرنا ہو گی تمام مذہبی جماعتیں ان کو نفاذ اسلام کی تحریک میں مکمل سپورٹ کریں گی۔

جمعہ کے روز اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ ہم اپنے امیر پروفیسر ساجد میر اور سراج الحق کو سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں اور ان سے یہ مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ وہ سینیٹ میں جا کر ملک میں نفاذ اسلام کی تحریک کیلئے بھر پور آواز بلند کریں اور اگر کچھ لوگ ان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں تو پھر ان کو چاہیے کہ وہ سینیٹ میں رہنے کے بجائے سڑکوں پر آکر تحریک کو چلائیں کیونکہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل صرف اور صرف نفاذ اسلام سے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر آج ہی پاکستان میں اسلام کا نفاذ کر دیا جائے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک کو دہشت گردی سمیت تمام مسائل سے سالوں مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں نجات مل سکتی ہے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام دینی جماعتیں مکمل سنجیدگی اور اتحاد کے ساتھ نفاذ اسلام کی جدوجہد کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہم اپنی منزل پر پہنچنے میں کامیاب ہو جائینگے۔

متعلقہ عنوان :