بھارتی شیر مسلسل چوتھی کامیابی کے بعد ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے

جمعہ 6 مارچ 2015 19:49

بھارتی شیر مسلسل چوتھی کامیابی کے بعد ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ ..

پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مارچ۔2015ء) بھارتی شیر مسلسل چوتھی کامیابی کے بعد ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے،بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 4وکٹوں سے شکست دیدی،ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 45ویں اوورز میں 182 رنز پر ڈھیر، جیسن ہولڈر کی 57 رنز کی اننگز نے ویسٹ انڈیز کو سہارا دیا،6ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے،بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، اومیش یادیواور روندرا جدیجا نے 2،2وکٹیں حاصل کیں،بھارت نے 6 وکٹوں کے نقصان پر40ویں اوورز میں ہدف حاصل کر لیا،مہندراسنگھ دھونی 56 گیندوں میں 45 رنز بناکر ناقابل شکست،ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر اور آندرے رسل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، محمد شامی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

جمعہ کو پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراوٴنڈ میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری ٹیم 45ویں اوور میں 182 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کیریبئن ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور آدھی ٹیم 67 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تاہم کپتان اس موقع پر جیسن ہولڈر کی 57 رنز کی اننگز نے ویسٹ انڈیز کو سہارا دیا اور ٹیم 182 رنز بنانے میں کامیاب رہی، جیسن ہولڈر کے بعد دوسرے نمایاں کھلاڑی ڈیرن سیمی تھے جنہوں نے 26 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوائن اسمتھ 6، کرس گیل 21، مارلن سیمیولز 2، جوناتھن کارٹر 21، لینڈل سمنز 9، آندرے رسل 8 اور جیروم ٹیلر 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

6ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے،بھارت کے سب سے کامیاب بولر محمد شامی تھے جنہوں نے 8 اوورز میں 35 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، اومیش یادیواور روندرا جدیجا نے 2،2 جب کہ روی چندرن اشون اور موہت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت نے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر40ویں اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ بھارت نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

مہندراسنگھ دھونی 56 گیندوں میں 45 رنز بنائے اور آوٴٹ نہیں ہوئے۔ ان کا ساتھ ایشون نے دیا جنھوں نے 32 گیندوں میں 16 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے زیادہ سکور نہ ہونے کے باوجود بھارتی کھلاڑیوں پر دباوٴ رکھا۔بھارت کا آغاز اتنا اچھا نہیں تھا۔ بھارت کی پہلی وکٹ گیارہ رنز کے مجموعی سکور پر گری جب دھون نو رنز بنا کر ٹیلر کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئے۔دوسری وکٹ ساتویں اوور میں گری جب شرما سات رنز بنا کر ٹیلر ہی کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئے۔

ویراٹ کوہلی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی اور 36 گیندوں میں 33 رنز سکور کیے۔ ان کو رسل نے آوٴٹ کیا۔بھارت کی چوتھی وکٹ 78 کے مجموعی سکور پر گری جب اجنکیا رہانے 34 گیندوں میں 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ان کو روچ نے آوٴٹ کیا۔رائنا سمتھ کے ہاتھوں 22 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔بھارت کی چھٹی وکٹ 134 کے مجموعی سکور گری جب جدیجا رسل کی گیند پر 13 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر اور آندرے رسل نے 2،2 جب کہ کیمار روچ اور ڈیوائن اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر محمد شامی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔