Live Updates

جماعت اسلا می نے ا نقلابی پروگرام عوام تک پہنچانے کیلئے 5اپریل سے عوامی مہم شروع کرنے کااعلان کردیا، ملک کے بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے بڑے قصبوں میں عظیم الشان ریلیاں بھی ہونگی ، گاؤں ،محلے کی سطح پر کارنر میٹنگز ہونگے،وفاقی حکومت فوری وعدے کے مطابق 2013کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کرے، پی ٹی آئی ممبران کو دوبارہ قومی اسمبلی کی نشستو ں پر بیٹھا ہو ایکھنا چاہتا ہوں، ملک کے انتخابی نظام کے اصلاح کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو اپنا کام تیز کر دینا چاہئے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاپشاورمیں پریس کانفرنس

جمعہ 6 مارچ 2015 20:25

جماعت اسلا می نے ا نقلابی پروگرام عوام تک پہنچانے کیلئے 5اپریل سے عوامی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا انقلابی پروگرام عوام تک پہنچانے اور انہیں ساتھ لیکر ملک میں مسلط فرسودہ استحصالی نظام پر کاری ضرب لگانے کے لئے وہ 5اپریل سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کر رہے ہیں جس کے دوران ملک کے بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے بڑے قصبوں میں عظیم الشان ریلیاں بھی ہونگی ۔

گاؤں اور محلے کی سطح پر کارنر میٹنگز کے علاوہ جماعت اسلامی کے کارکن ہر گھر کے دروازے پر دستک دیں گے اور انہیں اپنا پیغام پہنچائیں گے ۔ خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات میں دولت کے بل پر سینٹ پہنچنے کی خواہش رکھنے والے عناصر کو صوبائی اسمبلی کے غیرت مند ممبران نے مایوس کرکے اپنے اپنے گھروں کو چلتا کر دیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کاشغر ، گوادر روٹ میں تبدیلی نہ کرنے کا واضح اعلان کرے۔

بجلی کے خالص منافع کے بقایاجات کی مرکزی سرکار سے وصولی کے لئے صوبے کی تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کروں گا۔ وفاقی حکومت فوری طور پر وعدے کے مطابق 2013کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کرے۔ پی ٹی آئی ممبران کو دوبارہ قومی اسمبلی کی نشستو ں پر بیٹھا ہو ایکھنا چاہتا ہوں۔ ملک کے انتخابی نظام کے اصلاح کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو اپنا کام تیز کر دینا چاہیے اور عوام سے بھی انتخابی نظام کے لئے اصلاح کے لئے تجاویز طلب کرنی چاہیے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمدا براہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیرا حمد خان، جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈوکیٹ ، سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عطاء الرحمن اور جماعت اسلامی کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں پیسوں کے لین کے اکا دکا واقعات ضرور ہوئے ہونگے لیکن وہ پیسے بھی کام نہ دکھا سکے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہمیشہ دولت کے بل پر پہنچنے میں خصوصی مہارت رکھنے والے اُمیدواران کی تمام تر چالیں ممبران اسمبلی نے ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی نے ہمیں سینٹ بھیج دیا ہے ۔

اب ہمارا امتحان شروع ہو گیا ہے اور انشاء اللہ تعالی سینٹ کو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوشحال بنانے اور صوبے کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے انتخابی نظام کی اصلاح انتہائی ضروری ہے اور انتخابی نظام کی اصلاح کے لئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی نے بھی ابھی تک کوئی ٹھوس کار کردگی نہیں دکھائی ۔ کمیٹی کو چاہیے کہ وہ انتخابی نظام کی اصلاح کے لئے لوگوں سے بھی تجاویز طلب کرے اور جلد از جلد انتخابی نظام کے اصلاح کیلئے روڈ میپ تجویز کرے تاکہ انتخابات میں دولت اور جاگیر کی بجائے اہلیت اور عوامی خدمت کے بل پر لوگ اسمبلی میں پہنچ سکیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کا شغر ، گوادر روٹ کو کالا باغ ڈیم کی طرح متنازعہ نہ بنائے اور واضح او ردو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا جائے کہ کاشغر ، گوادر روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی تاکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے پسماندہ صوبوں کے عوام میں احساس محرومی جنم نہ لے اور وہ اقتصادی اور معاشی طور پر ترقی کے اس موقع سے محروم نہ ہوں ۔

انہوں نے اس امر پر بھی خوشی کااظہار کیا کہ چین کے سفیر نے بھی وضاحت کی ہے کہ کاشغر ، گوادر روٹ تبدیل نہیں ہوگا۔ تاہم وفاقی حکومت فوری طور پر اس حوالے سے واضح اور دو ٹوک اعلان کرکے شکوک و شبہات کا خاتمہ کرے۔ قبل ازیں المرکز اسلامی پشاور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور ملکی آئین کا تقاضہ ہے کہ وطن عزیز میں زندگی کے ہر شعبے میں اسلامی اصولوں کا بول بالا ہو۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جہاں نیکی کرنا آسان اور بُرائی کرنا مشکل ہوجہاں رزق حلال کا حصول آسان ہو اور حرام کی کمائی کے راستے بند ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس بندوق اور ٹینک کے بل بوتے پر نہیں بلکہ پُرامن جمہوری اور آئینی ذرائع کے راستے عوام کے ساتھ مل کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کوشاں ہے۔

دریں اثناء جمعہ کو دن بھر صوبے بھر سے جماعت اسلامی کے کارکن، سیاسی و سماجی رہنماء المرکز اسلامی پشاور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو سنیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد کیلئے آتے رہے ۔ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو مبارکباد دینے والوں میں شامل تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات