وزیراعلیٰ پنجاب سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل بڑھانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل بڑھانے کیلئے اقدامات اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی اور اس کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پنجاب حکومت ایک ایک پائی امانت سمجھ کر فلاح عامہ پر خرچ کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے اربوں روپے کے وسائل بچا ئے ہیں اور بچائے گئے وسائل عام آدمی اور کم وسیلہ طبقات کے معیار زندگی بہتر بنانے پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ وسائل بڑھانے کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری پر زیادہ سے زیادہ وسائل صرف کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کی جی ڈی پی میں اضافے کیلئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں جن کے حصول کیلئے تیز رفتاری سے آگے بڑھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانو ں پر مشتمل ہے۔

پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور اگلے تین برس کے دوران 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک پنجاب سکل ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا گیا ہے، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت میرٹ پر نوجوانوں کو 50 ہزار گاڑیاں دے رہی ہے جس کا مقصد انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا ہے جبکہ کم آمدن والے خاندانوں کیلئے لوکاسٹ ہاؤسنگ سکیم کا اجراء کیا گیا ہے۔

توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سولر، کوئلے، ہائیڈل اور ایل این جی سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں ایل این جی سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت ایل این جی سے3600 میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی۔ پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک لیب قائم کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی تیز رفتار ترقی کے حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ کیلئے جدید اپیرل پارک قائم کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح پنجاب میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے میٹرو بس منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد۔راولپنڈی میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں میٹرو بس منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نیا شہر بسانے اور خصوصی اکنامک زون کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، اس ضمن میں ابتدائی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخراجات اور وسائل میں توازن انتہائی ضروری ہے اور پنجاب حکومت اس ضمن میں جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ آئی ایم ایف کے وفد نے اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے فلاح عامہ اور وسائل میں اضافے کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ آئی ایم ایف کے وفد نے ڈائریکٹر مسعود احمد کی قیادت میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی ایم ایف کے مشن چیف اور پاکستان کیلئے ریذیڈنٹ نمائندے بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، اراکین اسمبلی رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مخدوم ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز بھی اس موقع پرموجود تھے۔