بارشوں کا حالیہ سلسلہ پیر تک جاری رہے گا: محکمہ موسمیات

ہفتہ 7 مارچ 2015 20:55

بارشوں کا حالیہ سلسلہ پیر تک جاری رہے گا: محکمہ موسمیات

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7مارچ۔2015ء) برکھا رت نے جاتی سردی کو بریکیں لگا دیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے برستی بوندوں نے موسم بھی مستانہ کر دیا۔ سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔کالی گھٹائیں، مستانہ ہوائیں، رم جھم اور چھم چھم، مغربی ہواؤں نے رنگ دکھلایا تو سب کچھ دھلا دھلا نظر آیا۔ شہر اقتدار میں دن بھر اٹکھیلیاں کرنیوالے سرمئی بادل برسے تو نظارے بھیگ گئے۔

مست پوَن کے ساتھ پڑتی پھوار دلوں پر سحر طاری کرتی رہی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں بھی مینہ نے سب کو نہلا دیا۔ لاہور میں بھی آسمان پر گھنے بادلوں نے ڈیرے جمائے رکھے۔ وقفے وقفے سے ہونیوالی کن من موسم کی رنگینیاں بڑھاتی رہی۔ شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، وہاڑی اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں میں بھی ابر کرم برستا رہا۔ پشاور میں صبح کے وقت ہونے والی ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید رم جھم کی خبر دی ہے۔ بارشوں کا حالیہ سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔