ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے پر عزم ہوں،شین واٹسن

اتوار 8 مارچ 2015 12:56

ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے پر عزم ہوں،شین ..

میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راوٴنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ متواتر ناکامیوں کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، فارم کی بحالی کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں اور رواں ورلڈ کپ سکواڈ میں کم بیک کرنے کیلئے تیار ہوں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے میں لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوں جس کی وجہ سے فارم کی بحالی میں دشواری کا سامنا ہے اسلئے ٹیم سے ڈراپ ہونے کا ذمہ دار میں خود ہوں کوئی اور نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ بڑا ایونٹ ہے اس میں ملک کی نمائندگی ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، فٹنس مسائل اور ناقص فارم کے باعث ٹیم سے دوری پر بہت دکھ ہوتا ہے۔ متواتر ناکامیوں کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد نہیں کروں گا، فارم کی بحالی کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں اور بہت جلد دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا لوں گا، اگر ورلڈ کپ میں ایک اور موقع ملا تو میں جاندار کم بیک کرنے کیلئے تیار ہوں۔ واٹسن کو حالیہ ناقص فارم اور کارکردگی کی وجہ سے رواں ورلڈ کپ میں 4 مارچ کو افغانستان کے خلاف میچ سے ڈراپ کر کے جیمز فالکنر کو موقع دیا گیا تھا۔