مردوں کو اپنی سوچ میں تبدیلی لاتے ہوئے عورتوں کو برابری کا درجہ دینا ہوگا‘ بیگم شمیم چوہدری

اتوار 8 مارچ 2015 17:13

لاہور(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) لاہور (پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کا اجلاس زیر صدارت چوہدری محمد یعقوب صدر PINC پنجاب منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئمہ محمود، بیگم شمیم چوہدری، شائینہ کوثر، محمد حنیف رامے، چوہدری نسیم اقبال، فضل واجد، شوکت علی چوہدری، ملک مختار اعوان، سعد اقبال، ناصر محمود اور سیّد سجاد حسین شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے حوالے سے بہتر قانون سازی کی ہے لیکن اصل مسئلہ ان قوانین پر عملدرآمد کروانے کا ہے۔ آج پوری دنیا سمیت پاکستان بھر میں خواتین ڈے منایا جا رہا ہے۔ یہ دن خواتین کی جدوجہد کی علامت ہے۔ 1908ء سے شروع ہونے والی یہ تحریک آج بھی جاری و ساری ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی تعداد مردوں کے برابر ہے لیکن جاگیردارانہ اور قبائلی رسم و رواج کی وجہ سے خواتین کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سمیت زندگی کے دیگر بہت سے شعبوں میں وہ آزادی حاصل نہیں ہے جو ان کا قانونی اور سماجی حق ہے۔

آج بھی پاکستان کے بہت سے علاقوں میں خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع حاصل نہیں ہیں۔ خواتین کے علاج معالجہ کے حالات بھی تسلی بخش نہیں ہیں۔ دوران زچگی خواتین کی اموات کی شرع آج بھی دنیا بھر میں پاکستان سے کم ہے۔ عورتوں سے آج بھی نامساوی سلوک کرنے کی روایت عام ہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ مردوں کو بھی اپنی سوچ میں تبدیلی لاتے ہوئے عورت کو برابری کا درجہ دینا ہوگا۔

کوئی معاشرہ اس وقت تک مہذب، جمہوری اور ترقی یافتہ معاشرہ نہیں کہلوا سکتا جب تک وہاں کی خواتین کو برابری کے حقوق حاصل نہ ہوں۔ خواتین کو عزت دینا، انہیں روزگار میں برابر کے مواقع فراہم کرنا، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا، کاروکاری، وٹہ سٹہ، ونی اور غیرت کے نام پر عورتوں کے قتل جیسے رسم و رواج کو ختم کرنا ضروری ہے۔