سری لنکا کو شکست، آسٹریلیا کواٹرفائنل میں

اتوار 8 مارچ 2015 18:25

سری لنکا کو شکست، آسٹریلیا کواٹرفائنل میں

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ آسٹریلیا کی جانب سے 376 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی ٹیم کو کمار سنگاکارا کی ورلڈکپ میں مسلسل تیسری سینچری بھی آسٹریلیا کیخلاف میچ جیتنے میں مدد فراہم نہ کرسکی۔

سنگاکارا 104 اور تلکارتنے دلشان 62 رنز بناکر سری لنکا کی جانب سے نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کے جیمز فالکنر نے تین جبکہ مچل جانسن اور مچل اسٹارک نے دو دو سری لنکن کھلاڑی شکار کئے۔ نیوزی لینڈ اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم کرکٹ ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آسٹریلین ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کی ٹیم نے گلین میکس ویل کی پہلی سینچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 376رنز بنائے۔

میکس ویل نے ون ڈے میں اپنی پہلی جبکہ ورلڈ کپ کی 40 سالہ تاریخ کی دوسری تیز ترین سینچری 53 گیندوں پر 102 رنز مکمل کی۔ آسٹریلیا کی ٹیم کو میچ کی ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ان کے دو اوپنر 41 رنز پر پولین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر سٹیو سمتھ (72) اور کپتان مائیکل کلارک (68) نے تیسری وکٹ کیلئے 134 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا۔ تاہم، دونوں ہی مجموعی اسکور 175 رنز پر پانچ گیندوں کے اندر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد میکس ویل اور شین واٹسن (67) نے مل کر جارحانہ 160 رنز مکمل کئے۔ یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے مشترکہ میزبان کینگروز نے افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف اپنے میچ جیتےہیں جبکہ اس کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بنگلہ دیش سے میچ بارش کےباعث منسوخ ہو گیا تھا۔ دوسری جانب، سری لنکن ٹیم نے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کرکٹ کے اہم ٹورنامنٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ کے بعد بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست سے دوچار کیا اور ان مسلسل فتوحات کے ساتھ ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :