Live Updates

چیئرمین سینٹ کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کا تحریک انصاف سے رابطے کا فیصلہ،پی ٹی آئی کی قیادت کا جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے ایشو پر (ن) لیگ سے سودے بازی پر غور

اتوار 8 مارچ 2015 18:40

چیئرمین سینٹ کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کا تحریک انصاف سے رابطے ..

اسلام آباد/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) چیئرمین سینٹ کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف سے رابطے کا فیصلہ کر لیا ‘ گورنر خیبر پخونخواہ ‘ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے تعاون کیلئے رابطہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت بھی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے ایشو پر (ن) لیگ سے سودے بازی کا سوچ رہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق اگر (ن) لیگ کی قیادت پی ٹی آئی کی خوہشات سے ملتا جلتا جوڈیشل کمیشن بنانے پر تیار ہوگئی تو تحریک انصاف بھی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی طرف سے اس ضمن میں گورنر خیبرخیبرپختونخوا سردار مہتاب خان عباسی کے ذریعے بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی طرف سے (ن) لیگی حکومت پر دباؤ بڑھانے اور سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے بھی دھاندلی کے معاملہ پر (ن) لیگ کو بلیک میل کرنے کیلئے وائٹ پیپر لانے کی دھمکی کا بھی (ن) لیگی حلقوں میں سخت برا منایا گیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بعض (ن) لیگی رہنماؤں نے اپنی اعلیٰ قیادت کو یہ مشورہ دیا ہے کہ پیپلزپارٹی سے ضرورت سے زیادہ قربت سیاسی طور پر ہمارے لئے انتہائی نقصان دہ ہے ، بہتر ہوگا کہ تحریک انصاف سے فاصلے کم کیے جائیں ۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں آئندہ دو تین روز میں مزید پیش رفت متوقع ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات