ایران نے عبدالستار ریگی کی حوالگی کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

اتوار 8 مارچ 2015 23:09

ایران نے عبدالستار ریگی کی حوالگی کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ ..

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) ایران نے پاکستان کے سرحدی علاقے میں گرفتار ہونے والے مشتبہ ایرانی عسکریت پسند عبدالستار ریگی کی حوالگی کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔اتوار کو ایرانی خبررساں ادارے ”فارس نیوز“ کے مطابق ایران نے حال ہی میں پاکستان میں گرفتار ہونے والے عسکریت پسند رہنما عبدالستار ریگی کی حوالگی کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ایرانی نائب وزیر داخلہ حسین ذوالفقاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ معاملے کی پیروی کرنے کیلئے ابھی تک کوئی بھی وفد یا ٹیم پاکستان نہیں بھیجی گئی لیکن ہم نے وزارت خارجہ سے ضروری تعاون کا مطالبہ کیا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی حکومت اپنے معاہدے کا اظہار کرے تو ایران کی جانب سے ایک وفد ستار ریگی کے معاملے پر بات چیت کیلئے بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ عبدالستار ریگی کو بین الاقومی قواعد کے تحت ایران کے حوالے کیاجاسکتا ہے جہاں اس پر مقدمہ چلایا جائے گا۔بدھ کو ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی نے کہا تھاکہ عبدالستار ریگی کی حوالگی کے حوالے سے قانونی طریقہ کار اختیار کرے گا۔ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے بدھ کو ایران کی انٹرپول برانچ کے سربراہ جنرل مسعود رضوانی کے حوالے سے بتایا تھا کہ تہران نے اسلام آباد سے عبدالستار ریگی کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی حکام نے ریگی کو بلوچستان میں اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک بس پر سفر کر رہے تھے۔رضوانی نے بتایا کہ ایران نے انٹرپول سے 'بدنام زمانہ دہشت گرد' اور عبدالمالک ریگی کے کزن ستار کی حوالگی کیلئے رابطہ کیا ہے۔ایران نے 2011 میں جند اللہ کے سرپرست اعلیٰ عبدالمالک کو گرفتار کرنے کے بعد پھانسی دے دی تھی۔ایران کی جانب سے جنداللہ ارکان کی گرفتاریوں اور گروپ کے ٹوٹنے کے بعد باقی بچنے والے شدت پسندوں نے جیش العدل کے نام سے ایک نیا گروپ بنا لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :