نجم سیٹھی پی سی بی میں پیسے بنانے کیلئے آئے ہیں، ان کی طرف سے ملنے والے قانونی نوٹس کی کوئی اہمیت نہیں، عامر سہیل

پیر 9 مارچ 2015 11:44

نجم سیٹھی پی سی بی میں پیسے بنانے کیلئے آئے ہیں،  ان کی طرف سے ملنے والے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہاہے کہ نجم سیٹھی پی سی بی میں پیسے بنانے کیلئے آئے ہیں، نجم سیٹھی کی طرف سے ان کو ملنے والے قانونی نوٹس کی کوئی اہمیت نہیں، کرکٹ کا زوال سکول اور کلب لیول کی کرکٹ ختم ہونے سے ہوا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا زوال سکول اور کلب لیول کی کرکٹ ختم ہونے سے ہوا ہے۔

جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور پی سی بی پر عائد ہوتی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نجم سیٹھی کی طرف سے ان کو ملنے والے قانونی نوٹس کی کوئی اہمیت نہیں ہے،نجم سیٹھی صرف پیسے بنانے کے لیے آئے ہیں اور اس کے لیے وہ کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی سرمایہ ہے کسی کے باپ کی جاگیر نہیں،سیاسی تعیناتیوں کی بجائے صحیح لوگوں کو کرکٹ بورڈ میں لایا جائے تاکہ پاکستان کرکٹ کو فروغ مل سکے۔

(جاری ہے)

عامر سہیل نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے سرفراز کو میڈیا پر لاکر درست فیصلہ کیا ہے، اب سرفراز اور کوچ کا معاملہ ختم ہوجائے گا، پاکستانی بیٹسمینوں کو آئرلینڈ کے بولرز سے سنبھل کر نمٹنا ہوگا۔ عامر سہیل نے کہا کہ سرفراز احمد اور وقار یونس کے اختلافات کی خبریں دم توڑ گئیں، سابق بیٹسمین کا کہنا تھا کہ 15 مارچ کو آئرلینڈ سے میچ میں مخالف بولرز سے سنبھل کر نمٹنا ہوگا۔سابق کپتان نے کہا کہ بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پالیا جائے تو آئرلینڈ کو شکست دی جاسکتی ہے۔