موسم گرما میں شہروں میں چھ گھنٹے اور دیہاتوں میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جائیگی‘ عابد شیر علی

پیر 9 مارچ 2015 17:45

موسم گرما میں شہروں میں چھ گھنٹے اور دیہاتوں میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ..

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء ) وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مئی تک مزید1500میگا واٹ مزید بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی ،وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق 31مارچ کے بعد ایل این جی آنے پر بند پاورہاؤسز کوچالو کیا جائیگا جس سے تقریباً400میگا واٹ بجلی مزید سسٹم میں آجائیگی،موسم گرما میں شہروں میں چھ گھنٹے اور دیہاتوں میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جائیگی۔

یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عابدشیر علی نے کہاکہ وزیراعظم بجلی کے معاملات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اپنی ہفتہ وار میٹنگ میں واپڈا شامل ہوتا ہے۔پاک چائنا اکنامک کوریڈور کیلئے ٹرانسمیشن لائن پر کام کاآغاز کردیاگیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نجکاری کے دوران ملازمین کا100فیصد تحفظ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب خراب ٹرانسفارمرز کو چوبیس گھنٹے کے اندر تبدیل کیا جائے گا تاکہ ان چھوٹے چھوٹے مسائل کیلئے عوام سڑکوں پرنہ آئیں۔عوام کووفاقی حکومت نے پہلے ہی 18ارب روپے پٹرول کی مد میں سہولت دی ہے اور مارچ میں بھی مزید سہولت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ چیئرمین کیلئے بھی سب سے مشاورت کے بعد متفقہ امیدوارلایا جائے گا جس پر کسی کواعتراض نہ ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو اسکے حال پر چھوڑ دیا ہے،عمران خان خیبر پختوانخواہ کی عوام کی خدمت کریں اورتعلیم اورصحت پر توجہ دیں،وفاق ان کو ہرطرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے، وہ جو فنڈ چاہیں ہم دینے کوتیارہیں۔

متعلقہ عنوان :