گریم سمتھ حقیقی زندگی میں اپنی بیگم کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہو گئے

پیر 9 مارچ 2015 18:59

گریم سمتھ حقیقی زندگی میں اپنی بیگم کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہو گئے

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مارچ۔2015ء) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ کی ازدواجی زندگی میں ایک مبینہ میسج نے تہلکہ مچادیا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ سابق کرکٹ سٹار بیوی سے طلاق حاصل کرنے کے متعلق ایک میسج اپنے وکیل کو بھیجنا چاہ رہے تھے مگر غلطی سے یہ بیوی کو بھیج دیا۔ گریم سمتھ اور ان کی پاپ سٹار بیوی مارگن کے درمیان تقریباً دو ہفتے قبل علیحدگی ہوئی ہے مگر وہ حالیہ دنوں میں ازدواجی زندگی کو بحال کرنے کی کوششوں میں نظر آئے ہیں۔

ان کی اہلیہ کا بھی کہنا تھا کہ وہ دونوں اپنی شادی کو بچانے کے لئے سنجیدہ تھے اور اس سلسلے میں روابط بڑھانے کے متعلق بات چیت کررہے تھے۔ مارگن کی دوستوں کا بھی کہنا ہے کہ سٹار جوڑے کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں اور گریم سمتھ پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ وہ بیوی بچوں کو چھوڑ کر کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے پہنچے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کرکٹ سٹار کے مبینہ غلطی سے بھیجے گئے میسج کی خبروں نے ان کی پہلے سے تناﺅ کا شکار ازدواجی زندگی میں بھونچال برپا کردیا ہے اور وہ وضاحتیں دے رہے ہیں کہ یہ خبریں درست نہیں ہیں۔ گریم سمتھ اور مارگن دو سالہ بیٹی اور ایک سالہ بیٹے کے والدین ہیں اور ان کی ازدواجی زندگی میں اتار چڑھاﺅ کی خبریں اکثر توجہ کا مرکز بنتی رہی ہیں۔