سکھر ،مرد و خواتین کی بڑی تعداد کا بااثر افراد کی زیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 9 مارچ 2015 21:15

سکھر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء)پنو عاقل کے علاقے سلطان پور کے اندھڑ برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے خادم حسین ، محمد یونس ، محمد صالح ، محمد عثمان و دیگر کی قیادت میں اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھا کر بااثر افراد کی زیادتیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا اور نعرے بازی کی اس موقع پر مرد و خواتین نے علاقے کے بااثر افراد پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر شخص میہار اور ارباب پر سیاہ کاری کا الزام تھا مذکورہ افراد نے سیاہ کاری کا بدلہ لینے کیلئے اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ہمارے گاؤں پر حملہ کر دیا اور اسلحے کے زور پر گاؤں کی دو خواتین (پ) اور (ش) کیساتھ زبردستی زنا کیا واقعہ کی شکایات پر مذکورہ افراد نے پولیس کیساتھ ملی بھگت کرکے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے اور پولیس کے ہمراہ ہمارے گاؤں پر چڑھائی کی اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مزاحمت کرنے پر ہمارے نو افراد کو گرفتارکر کے گھر میں موجود قیمتی سامان اور 22مویشی بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر افراد کی زیادتیوں کو نوٹس لیا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف مہیا کیا جائے بصورت دیگرہمار ا احتجاج جاری رہے گا ۔