انگلینڈ کی شرمناک شکست پر جاپان کرکٹ کی 'ٹرولنگ'

منگل 10 مارچ 2015 12:32

انگلینڈ کی شرمناک شکست پر جاپان کرکٹ کی 'ٹرولنگ'

ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10مارچ ۔2015ء ) بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شکست کے بعد یہ کہنا شاید غلط نہ ہوگا کہ انگلش کرکٹ اس وقت اپنے نچلے ترین مقام پر موجود ہے ۔ انگلش ٹیم نے عالمی کپ کا آغاز روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف 111 رنز کی شکست سے کیا۔ اس کے بعد اس ٹیم کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے بھی شکست ہوئی جبکہ صرف اسکاٹ لینڈ ہی کو ہرا پائی۔

ان شکستوں کے باوجود اگر انگلینڈ صرف بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست دے دیتا تو کوارٹر فائنل تک رسائی ممکن ہوسکتی تھی تاہم ایسا نہ ہوا۔ بنگلہ دیش سے 15 رنز سے شکست نے انگلش شائقین کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ تاہم جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن نے موقع بھانپتے ہوئے این مورگن اور ان کی ٹیم کی ٹرولنگ شروع کردی۔ جاپان اپنی کرکٹ کے لیے نہیں جانا جاتا جس ثبوت یہ ہے کہ وہ ان 14 ٹیموں میں شامل نہیں جو ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ای سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاید مناسب وقت نہیں لیکن اگر آپ کے شیڈول میں تھوڑا وقت ہو تو آپ گھر واپسی سے قبل جاپان سے ایک میچ کھیلنا چاہیں گے؟

انگلینڈ کی فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کے امکانات انتہائی کم ہی ہیں کہ انگلش کرکٹ ٹیم اس دعوت کو قبول کرے گی۔

متعلقہ عنوان :