آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، دفاعی چیمپیئن بھارت نے آئرلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا

منگل 10 مارچ 2015 14:04

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، دفاعی چیمپیئن بھارت نے آئرلینڈ کو باآسانی 8 ..

ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے آئرلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا، آئر لینڈ کی ٹیم بھارت کیخلاف 49 ویں اوور میں 259 رنز بنا کر آوٴٹ، نیل اوبرائن 75 ، ولیم پورٹر فیلڈ 67اور پال سٹرلنگ 42رنزبناکر نمایاں،بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، روی چندرن ایشون نے 2 وکٹیں حاصل کیں،بھارت نے ہدف 37ویں اوور میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،شیکھر دھون 100 ، روہت شرما 64اورویرات کوہلی 44رنز بناکر نمایاں ، میگا ایونٹ کی دوسری سنچری بناڈالی ،آئرلینڈکی طرف سے سٹیون تھامسن نے دووکٹیں حاصل کیں،شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کونیوزی لینڈ کے سیڈون پارک ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں آئر لینڈ کی ٹیم بھارت کیخلاف 49 ویں اوور میں 259 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

آئرش اوپنرز نے ٹیم کو 89 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد آئر لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور نیل اوبرائن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ نیل اوبرائن نے 75 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ ولیم پورٹر فیلڈ نے 67، پال اسٹرلنگ نے 42 اور اینڈریو بیلبرائن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، روی چندرن ایشون نے 2 جب کہ امیش یادیو، سریش رائنا، موہت شرما اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں بھارت نے 260 رنز کا ہدف 37ویں اوور میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون دھواں دھار بیٹنگ کی اور کسی بھی آئرش بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 174 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، روہت شرما 66 گیندوں میں 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اسٹورٹ تھومسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ شیکھر دھون نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی دوسری سنچری اسکور کی اور 85 گیندوں میں 100 رنز بنا کر تھومسن ہی کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے۔

بھارت کے دونوں اوپنرز کے آوٴٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور 37ویں اوور میں ٹیم کو فتح کی دہلیز پار کرادی، ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا رہانے 33 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔آئرلینڈکی طرف سے سٹیون تھامسن نے دووکٹیں حاصل کیں۔ بہترین بلے بازی پر شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔