Live Updates

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پی ٹی آئی کی میرپو رمیں تیز ترین باؤلنگ جاری، مخالفین کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا،

پاکستان میں عمران خان ظلم، ناانصافی کے خلاف عملی جدوجہد کررہا ہے۔ عمران خان کا ویژن ہے کہ عام آدمی کی حالت بہتر کرکے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔ بیرسٹر سلطان

منگل 10 مارچ 2015 20:44

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پی ٹی آئی کی میرپو رمیں تیز ترین باؤلنگ جاری، ..

میرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پی ٹی آئی کی میرپو رمیں تیز ترین باؤلنگ جاری، مخالفین کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ سیکٹرD/1کی معروف سیاسی شخصیت صوفی صدیق مغل اپنے کنبے قبیلے سمیت پی ٹی آئی میں شامل ، بن خرماں سے چوہدری جمیل پیپلزپارٹی کو خیر آباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

بن خرماں سے ہی ناصر فوجی مسلم کانفرنس سے 40سالہ رفاقت کو خیر آباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ سیکٹر D/1 میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صدر سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرپو رکا ضمنی الیکشن پاکستان کے آئندہ کے سیاسی نقشے کا تعین کرے گا۔

(جاری ہے)

29مارچ کو چوروں ٹھگوں، رسا گیروں، ضمیر فروشوں، حرام فروشوں کا یوم حساب ہوگا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے لوگوں سے اس ہمارے خطے کا تاریخی، جذبانی اور روحانی رشتہ ہے۔ اعظم سواتی کے بزرگوں نے برِ صغیر کی تقسیم کے وقت ہمارے آباؤ اجداد کی مدد کی تھی۔ ہمارے آباؤ اجداد جب اس خطے کو آزاد کروانے کیلئے جہاد کررہے تھے تو صوبہ خیبر پختونخواہ کے لوگوں نے اس خطے میں آکر عملی طور پر اس جہاد میں حصہ لیا تھا اور اس خطے کو آزاد کروانے میں اپنا بھرپو رکردار ادا کیا تھا۔

آج انتخابی مہم میں اعظم سواتی صاحب کو یہاں اپنے درمیان پا کر نہ صرف میرا حوصلہ بلند ہوا ہے بلکہ میں دیکھ رہا ہوں کہ میرے کارکنان بھی اعظم سواتی کے یہاں آنے کے بعد ایک نئے جوش اور ایک نئے ولولے میں مبتلا ہیں۔ میرپور کے ضمنی انتخاب کی اہمیت روزِ اوّل سے ہی سب پر اجاگر ہے۔ وفاقی حکومت اور آزادحکومت آزادکشمیر کے اندر سونامی کی بڑھتی ہوئی لہروں کا رستہ روکنے کیلئے باہم اکٹھے ہو چکے ہیں۔

دونوں کے اختلافات بیان بازی کی حد تک ہیں۔ در حقیقت دونوں ہی آزادکشمیر کے اندر عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔ میں نے پیپلزپارٹی میں رہ کر کرپشن، نا انصافی کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ جب میری صدائے احتجاج کی شنوائی پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی نہ کی تو بالآخر میں نے پیپلزپارٹی کو خیر آباد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا کیونکہ پاکستان میں عمران خان ظلم، ناانصافی کے خلاف عملی جدوجہد کررہا ہے۔

عمران خان کا ویژن ہے کہ عام آدمی کی حالت بہتر کرکے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیکٹر D/1میں ایک بڑی انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی میٹنگ کی صدارت چوہدری نثار نے کی۔ اس موقع پر صوفی صدیق مغل اور شفیق مغل نے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ احمد شاہ نے بھی پی ٹی آئی میں باضابطہ اعلان کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی تحریک انصاف صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر اعظم سواتی تھے۔ اعظم سواتی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آزادکشمیر عظیم لوگوں کی دھرتی ہے اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اس دھرتی کے عظیم بزرگ رہنما کا عظیم سپوت ہے۔ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی قیادت کے لیے بیرسٹر سلطان سے بہتر اور کوئی انتخاب نہ تھا۔

پی ٹی آئی میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی شمولیت کے بعد اس بات میں کوئی شک نہیں رہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر کی سب سے بڑی عوامی جماعت بن چکی ہے۔ میرپو رکا ضمنی الیکشن تحریک انصاف پاکستان کے لئے انتہائی اہم ہے۔ ہم اس میں کامیابی کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔ ضمنی الیکشن میں کامیابی وہ پہلا چراغ ہوگا جس کی شعاعیں پورے کشمیر میں پھیل کر پاکستان تک جا پہنچیں گی۔

گزشتہ دنوں وفاقی وزیر بے نظیر انکم سپورٹ ماروی میمن کرپشن اور لوٹ گھسوٹ سے کمائی ہوئی دولت بطور رشوت تقسیم کرنے آئی تھی۔ لیکن مجھے قوی امید ہے کہ میرپور کے لوگ باایمان اور باغیرت ہیں۔ وہ ضمیر کو بیچ کر اپنے ووٹ کا سودا نہیں کرسکتے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی انتخابی مہم چلانے کیلئے میں 25مارچ کے جلسہ سے پہلے آؤں گا اور انتخابی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

انتخابی میٹنگ سے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر چوہدری ظفر انور، ہمایوں زمان مرزا، چوہدری نثار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بن خرمان بلال سٹریٹ و غازی سٹریٹ کی مشترکہ انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بن خرماں کے لوگوں نے ہمیشہ میرا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اس بار بھی بن خرماں میں میں نوجوانوں کے اندر خاص طور پر ایک جوش اور ایک جذبہ دیکھ رہا ہوں۔

یہ جوش اور جذبہ میری کامیابی کی نوید دکھائی دیتا ہے۔ بن خرماں کو سوئی گیس اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں میں نے پہلے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ میں نے سنا ہے کہ چوہدری مجید رات کی تاریکی میں چھپ کر، لوگوں کے گھروں میں جا کر لوگوں کے ایمان اور لوگوں کے ضمیر خریدنے میں مصروف عمل ہے۔

بن خرماں کے غیور لوگو میں آپ کو متنبہ کرتا ہوں کہ آپ چوہدری مجید کے چھوٹے وعدوں اور مکر و فریب میں یقین نہ رکھیں۔ یہ تاریخ کا جھوٹا اور کرپٹ ترین وزیراعظم ہے۔ بات بات پر قسمیں اُٹھانا اس کا وطیرہ ہے۔ یہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے برسرِ اقتدار ہے۔ اگر یہ چاہتا تو میرپور میں آج گیس سمیت کوئی مسئلہ بھی نہ ہوتا لیکن مجید نے جان بوجھ کر میرپو رکو مسائل کے حوالے کیا۔

انتخابی میٹنگ کی صدارت چوہدری گلزار اور افتخار بٹ نے کی جبکہ ٹھیکیدار چوہدری محمود پوٹھی، افتخار بٹ، سابق کونسلر چوہدری اختر، چوہدری جمیل، ناصر فوجی، ابرار نیاز ایڈووکیٹ، ڈاکٹر معروف اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر چوہدری جمیل نے پیپلزپارتی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا جبکہ ناصر فوجی نے مسلم کانفرنس سے 40سالہ رفاقت چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔***

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات