کوارٹر فائنل میں کسی بھی ٹیم سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، مصباح الحق

منگل 10 مارچ 2015 23:39

کوارٹر فائنل میں کسی بھی ٹیم سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، مصباح الحق

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے منگل کے روز کہا کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مصباح نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹورنامنٹ میں اب کوئی دوسرا موقع نہیں، ہمیں ہر میچ میں کشتیاں جلاکر جانا ہوگا اور بے خوف ہوکر ہر میچ کھیلنا ہوگا۔

پول بی میں پاکستان کے چھ پوائنٹس ہیں تاہم اس کا رن ریٹ آئرلینڈ سے بہتر ہے جبکہ یورپی ٹیم نے گرین شرٹس اتوار کو ایڈیلیڈ میں مقابلہ کریں گے۔ پول بی سے ہندوستان کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ جنوبی افریقہ بھی کوالیفائی کرنے کا مضبوط امیدوار ہے۔

(جاری ہے)

باقی دونوں سلوٹس کے لیے پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہے۔

مصباح نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے ضروری ہے کہ باؤلنگ پرفارم کرے اور اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کی باؤلنگ گزشتہ تین میچوں سے پرفارم کرتی آرہی ہے۔ مصباح نے کہا کہ وہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کسی سے بھی کھیلنے کو تیار ہیں اور اب ہمیں اعتماد ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو کہہ دیا ہے کہ خود کو بغیر کسی خوف کے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کے لیے تیار کریں اور اس میچ کا پریشر لینے کی ضرورت نہیں۔

مصباح اب تک ورلڈ کپ میں چار نصف سنچریوں کے ساتھ پاکستان کے لیے سب سے کامیاب بلے باز رہے ہیں تاہم وہ مڈل آرڈر کی فارم کو لیکر فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمر اکمل، حارث سہیل اور صہیب مقصود جیسے کھلاڑی اتنے بڑے ٹورنامنٹ سے فائدہ اٹھائیں اور دنیائے کرکٹ میں نام بنالیں۔ مصباح نے کہا کہ کبھی کبھار میڈیا پر ٹیم کے حوالے سے بے جا تنقید کی جاتی ہے اور اس سے کھلاڑیوں کے حوصلوں پر فرق پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :