قومی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، مصباح الحق

بدھ 11 مارچ 2015 11:20

قومی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ ..

ایڈیلیڈاوول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹورنامنٹ میں اب کوئی دوسرا موقع نہیں، ہمیں ہر میچ میں کشتیاں جلاکر جانا ہوگا اور بے خوف ہوکر ہر میچ کھیلنا ہوگا۔

مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے ضروری ہے کہ باوٴلنگ پرفارم کرے اور اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کی باوٴلنگ گزشتہ تین میچوں سے پرفارم کرتی آرہی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کسی سے بھی کھیلنے کو تیار ہیں اور اب ہمیں اعتماد ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو کہہ دیا ہے کہ خود کو بغیر کسی خوف کے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کے لیے تیار کریں اور اس میچ کا پریشر لینے کی ضرورت نہیں۔

مصباح الحق اب تک ورلڈ کپ میں چار نصف سنچریوں کے ساتھ پاکستان کے لیے سب سے کامیاب بلے باز رہے ہیں تاہم وہ مڈل آرڈر کی فارم کو لیکر فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمر اکمل، حارث سہیل اور صہیب مقصود جیسے کھلاڑی اتنے بڑے ٹورنامنٹ سے فائدہ اٹھائیں اور دنیائے کرکٹ میں نام بنالیں۔مصباح الحق نے کہا کہ کبھی کبھار میڈیا پر ٹیم کے حوالے سے بے جا تنقید کی جاتی ہے اور اس سے کھلاڑیوں کے حوصلوں پر فرق پڑتا ہے۔