نوجوان کھلاڑی زندگی کو تباہی سے بچانے کیلئے صحبت سے ہوشیار رہیں، محمد عامر

بدھ 11 مارچ 2015 11:35

نوجوان کھلاڑی زندگی کو تباہی سے بچانے کیلئے صحبت سے ہوشیار رہیں، محمد ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) نوجوان پاکستانی فاسٹ باوٴلر محمد عامر نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کو تباہی سے بچانے کیلئے اپنی صحبت سے ہوشیار رہیں۔راولپنڈی کے آرمی کرکٹ گراوٴنڈ میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنی زندگی میں کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کی مکمل توجہ اپنے مقاصد پر ہونی چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان کی غلطی سے سبق سیکھیں اور کھیل پر توجہ دیں۔ان پانچ سال میں، میں نے سیکھا کہ آپ کو اچھے دوست بنانے چاہئیں، اچھی صحبت اختیار کرنی چاہیے تاکہ آپ کی زندگی تباہ نہ ہو۔محمدعامر نے کہا کہ میں اپنی فٹنس پر بہت سخت محنت کررہا تھا اور میں نے حوصلہ نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک عرصے سے بڑی کرکٹ نہیں کھیلی، جب آپ ایک میچ میں ردھم سے باوٴلنگ کر رہے ہوتے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کس رفتار سے گیند کر رہے ہیں۔

عامر نے دعویٰ کیا کہ مجھے پریکٹس میں محسوس ہوا ہے کہ میری گیند کی رفتار کم نہیں ہوئی اور یہ برقرار ہے۔محمدعامر نے کہا کہ ان کی نظریں اپنے مقصد پر مرکوز ہیں اور وہ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔اس موقع پر عامر نے پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بہترین فائٹنگ اسپرٹ پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر عامر نے کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ اور اس کی وجہ سے کھیل میں تبدیلی کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اسٹین اور اسٹارک جیسی کارکردگئی دکھانے کے لیے انہیں بھی کھیل کی جدت کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا۔ایک دور تھا جب یارکر باوٴلرز کی سب سے مہلک گیند تصور کی جاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے بلے باز ایسی گیندوں پر جارحانہ انداز اختیار کرتے ہیں۔

عامر نے کہا کہ اختتامی اوورز میں یارکر عام طور پر بہترین ہتھیار ہوتی ہے لیکن یہ حربہ بھی اے بی ڈی ویلیئرز جیسے بلے بازوں کے سامنے کارگر نہیں ہو سکتا۔لیکن ہر بلے باز ڈی ویلیئرز نہیں جو یارکر کو ریورس سوئپ کر دے، یہ سب صورتحال پر منحصر ہوتا ہے کہ آپ یارکر کر رہے ہیں یا سلو باوٴنسر۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی بہترین کوشش کررہا ہوں اور میں آئی سی سی کی طرف سے نوجوانوں کو خاص طور پر ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ شارٹ کٹ نہ لیں اور اپنے مقاصد پر توجہ مرکوز رکھیں۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ جس کرب سے گزشتہ پانچ سال میں گزرا ہوں خدا وہ وقت کسی دشمن پر بھی لائے، اپنی بھرپور کوشش کے ساتھ سخت محنت کریں اور باقی اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں، آخر میں اللہ آپ کو اس کا ضرور صلہ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :