انگلینڈ کی ورلڈ کپ سے رخصتی، میڈیا اور سابق کرکٹرز نے ٹیم کو دھو ڈالا

بدھ 11 مارچ 2015 11:38

انگلینڈ کی ورلڈ کپ سے رخصتی، میڈیا اور سابق کرکٹرز نے ٹیم کو دھو ڈالا

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)انگلش کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ سے رخصتی پر برطانوی میڈیا اور سابق کرکٹرز نے کوچ اور ٹیم کو دھو ڈالا۔بابائے انگلینڈ کا بے بی ٹیم بنگلا دیش کے ہاتھوں پِٹ جانے اور ورلڈ کپ سے آوٴٹ ہو جانے پر میڈیا نے بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ کپتان آئن مورگن اور کوچ پیٹر مورس پر لفظوں کے خوب نشتر چلائے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف گرتی ہوئی ہر وکٹ پر کوچ پیٹر مورس کے سرمئی بال سفید ہوتے جا رہے تھے۔

حتی کہ بابائے کرکٹ انگلینڈ کے لئے 'بے بی ٹٰیم' کی اصطلاح استعمال کی۔ برطانوی اخبارات میں ٹیم کے کوچ کو برطرف کرنے پر زور دیا گیا۔ میڈیا کو شکوہ ہے کہ ایک طرف دنیا کرکٹ میں ترقی کر رہی ہے دوسری طرف انگلینڈ بنگلہ دیش جیسی ٹیمز سے ہار کر رسوائی کا سبب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی شکست سے ملک میں کرکٹ کی موت ہو گئی ہے۔ سابق کپتان اور انگلش کمنٹیٹر جیفری بائیکاٹ نے کہا کہ ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے قابل پلیئرز اور عقلمند کپتان کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسی طرح لیجنڈ مائیکل وان کا کہنا تھا کہ انہیں انگلینڈ کی موجودہ ٹیم سے پہلے بھی کوارٹر فائنل سے زیادہ کی امید نہیں تھی لیکن گروپ سٹیج پر ہی واپسی کا ٹکٹ کٹوانا افسوسناک ہے۔ سابق برطانوی کھلاڑی ای این بوتھم نے بنگلہ دیش کو داد دیتے ہوئے انگلش ٹیم کی پرفارمنس کو شرمناک قرار دیا۔ نمائندگی سے محروم کیون پیٹرسن نے اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کو نا قابل یقین قرار دیا ہے۔