نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار،ایڈم ملنے کندھے کی انجری کا شکار

بدھ 11 مارچ 2015 11:38

نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار،ایڈم ملنے کندھے کی انجری کا شکار

ہملٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بھی فٹنس مسائل سر اٹھانے لگے ہیں اور چند پلیئرز بیمار پڑنے کیساتھ ساتھ انجری کا بھی شکار ہو گئے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے اور اس نے آسٹریلیا سمیت اب تک تمام ہی بڑی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا ہے تاہم اب اس ٹیم کو انجری اور بیماریوں نے گھیر لیا ہے۔

(جاری ہے)

کیوی فاسٹ باوٴلر ایڈم ملنے افغانستان کے خلاف میچ میں کندھے کے بل گرنے سے تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔کوچ مائیک ہیسن نے تصدیق کی کہ چند کھلاڑی مختلف مسائل کا شکار ہیں لیکن وہ سنجیدہ نوعیت کے نہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے اور ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف جمعے کو کھیلے گی جس میں غیر تبدیل شدہ الیون میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔