مہمند سپورٹس فیسٹول،یکہ غنڈ تحصیل میں مقابلوں کا آغاز

بدھ 11 مارچ 2015 15:00

مہمند سپورٹس فیسٹول،یکہ غنڈ تحصیل میں مقابلوں کا آغاز

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) مہمند سپورٹس فیسٹول 2015 کے سلسلے میں یکہ غنڈ تحصیل میں سپورٹس مقابلوں کا آغاز، افتتاحی روز رسہ کشی ، فٹبال اور بیڈمنٹن کے مقابلوں کا انعقاد ، رسہ کشی میں یکہ غنڈ کالج نے مہمند رائفل کو شکست دیدی ، باضابطہ افتتاح یکہ غنڈ تحصیل کے اے پی اے ساجد نواز نے کیا ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری تاج محمد خان ،فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری خورشید اقبال، تحصیل دار شہریار خان ، یکہ غنڈ کالج کے پرنسپل تسبیح الله ،سپورٹس منیجر سعید الرحمان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی وقار علی خان کی خصوصی ہدایت پر مہمند ایجنسی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میگا مہمند سپورٹس فیسٹول جو کہ ایجنسی کے مختلف تحصیل کی سطح پر بھرپور انداز سے جاری ہے فیسٹول کے سلسلے میں یکہ غنڈ تحصیل میں گزشتہ روز مقابلوں کا آغاز ہوگیا جس کا باضابطہ افتتاح اے پی اے ساجد نواز نے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رنگا رنگ تقریب کا بھی انعقاد کیاگیا جس میں مختلف سکول کے بچوں نے پی ٹی شو ، ملی نغمے ، قومی ترانہ اور مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا ۔

ان مقابلوں میں رسہ کشی ، کرکٹ ، باسکٹ بال ، بیڈمنٹن ، فٹبال ، گراؤنڈ مشاعرہ ، مارشل آرٹ مقابلے سمیت مختلف گیمز شامل ہیں ۔ افتتاحی روز رسہ کشی کے مقابلوں میں مہم ند رائفل اور یکہ غنڈکالج کے مابین کھیلاگیا ۔جس میں دلچسپ مقابلے کے بعد یکہ غنڈ کالج نے مہمند رائفل کو تین صفر سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی ۔ جس کو دیکھنے کیلئے گراؤنڈ میں ہزاروں کی تعداد میں تماشائی موجود تھے جنہوں نے ان مقابلوں کو بھرپور سراہا،دوسری جانب فٹبال مقابلوں میں اکرام کلب نے احسان کلب کو پیلنٹی کک کے ذریعے 4-2 سے شکست دی دوسرے میچ میں مرادکلب نے میاں کلب کو 4-1 جبکہ تیسرے میچ میں مہمند سٹار نے شہزاد کلب کو 3-2 سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی ۔

مہمند سپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب 23 مارچ کو منعقد ہوگی ۔