وفاقی وزیر برائے اوور سیز پاکستانیز پیر پگاڑا کی کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب افضال بھٹی سے ملاقات

بدھ 11 مارچ 2015 16:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر برائے اوور سیز پاکستانیز پیر پگاڑا صدر الدین شاہ راشدی سے کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے ملاقات کی اور وفاقی وزیر کو او پی سی پنجاب کے بارے میں بریفنگ دی ۔ بریفنگ کے دوران کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسائل اور ان مسائل کو فوری طور پر حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ڈی جی اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب خواجہ داؤد اور ڈائریکٹر پولیس کپیٹن مبین بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران پیر پگاڑا نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام حکومت کا مثبت اقدام ہے جس کے ذریعے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

کمشنر اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسائل میں لینڈ مافیا،پولیس اور دیگر محکموں سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے لئے اوور سیز کمیشن پنجاب نے جدیدآئی ٹی نظام پر مشتمل سسٹم متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اپنے شکایات براہ راست اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو بھجوا سکیں گے اور ان کی شکایات کے ازالے کے بعد شکایت کنندہ کو اس کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوور سیز پیر صدر الدین نے افضال بھٹی کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاقی وزارت اوورسیز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وزارت اوور سیز او پی سی پنجاب کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور کویت عراق جنگ کے دوران وطن واپس آنے والے غیر ادا شدہ کلیمز کے معاملے کو بھی باہمی مشاورت سے حل کریں گے اور مستقبل میں وطن سے باہر بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے مکمل تعاون کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :