سپریم کورٹ کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول خوش آئند ہے ‘ سید بلال شیرازی

بدھ 11 مارچ 2015 16:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کے شیڈول کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقا د سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے بلدیاتی ادارے موجود نہ ہونے سے عوام نچلی سطح پر عوامی نمائندگی سے محروم اورگلی محلہ کی سطح پر ترقیاتی کام نہ ہونے سے پریشانی کا شکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پنجاب میں 20ستمبر کو الیکشن کروانے کی ہدایت اورالیکشن کمیشن کے شیڈول کے بعد عوام اطمینان سے بلدیاتی انتخابات کی یکسوئی کے ساتھ تیاریاں کریں گے ۔

(جاری ہے)

سید بلال شیرازی نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم کو یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں نہ صرف بروقت بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے بلکہ اس میں خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی گئی ۔

اور ضلعی حکومتوں کا نظام قائم کرکے عوام کے کام ان ہی کے اضلاع میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے مکمل انتظامات کیے گئے یہی وجہ ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں بلدیاتی اداروں کو وافر فنڈز اور اختیارات دینے کے باعث پنجاب بھر میں عوام خوشحال اور مطمئین زندگی بسر کررہے تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم بلدیاتی انتخابات میں بھر پور تیاریوں سے حصہ لے گی ۔