Live Updates

پشاور، مشہور ڈیزائنر و سماجی کارکن حمیدہ شاہد اور زاہدہ ظہور نے پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کردیا

بدھ 11 مارچ 2015 23:31

پشاور، مشہور ڈیزائنر و سماجی کارکن حمیدہ شاہد اور زاہدہ ظہور نے پیپلز ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) اسلام آباد کی مشہور ڈیزائنر و سماجی کارکن حمیدہ شاہد اور زاہدہ ظہور نے پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کردیا ہے۔ اس امر کا باقاعدہ اعلان بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک ، ان کی اہلیہ اور وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و پی ٹی آئی وومن ونگ کی صوبائی صدر ڈاکٹر مہرتاج روغانی کی موجودگی میں کیا گیا۔

پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے وژن اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں رشوت ستانی و مخصوص تھانہ کلچر کے خاتمے اور پولیس، صحت، تعلیم جیسے اہم شعبوں میں اصلاحات کے علاوہ عوامی حقوق کیلئے صوبائی حکومت کے ٹھوس اقدامات سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی میں نئی شامل ہونے والی خواتین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جو ملک کی تقدیر بدلنے کا حوصلہ، صلاحیت اور وژن رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر خواتین ونگ میں ہمیں نئے پاکستان کی تشکیل کے حوالے سے مثبت سوچ اور وژن رکھنے والی خواتین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس طرح کی دیگر خواتین بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے آکر ملک کے عوام کی خدمت کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حمیدہ شاہد کا تعلق چونکہ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر سے ہے اس لئے وہ اپنے اس دور افتادہ اور پسماندہ علاقے کی ترقی کیلئے خواتین میں شعور کی بیداری کا اہم کام احسن طریقے سے انجام دے سکتی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات