آئرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل باب وولمر کی یادیں تازہ

جمعہ 13 مارچ 2015 11:30

آئرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل باب وولمر کی یادیں تازہ
ّایڈیلیڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13مارچ ۔2015ء )پاکستان کے آئر لینڈ کے خلاف میچ سے قبل باب وولمر کی یادیں تازہ ہوگئیں،ورلڈ کپ 2007ء میں آئر لینڈ کی نو آموز ٹیم کے خلاف شکست کے اگلے روز ہیڈ کوچ ہوٹل کے باتھ روم میں مردہ پائے گئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم اتوار کو ورلڈ کپ کے اپنے اہم ترین مقابلے میں آئرلینڈ کا سامنا کررہی ہے، اسے کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے ہر صورت فتح درکار ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان ایسا ہی ایک ورلڈ کپ میچ 17 مارچ 2007 میں جمیکا کے سبائنا پارک میں کھیلا گیا، تب بھی گرین شرٹس کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کیلیے لازمی فتح درکار تھی لیکن پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آئرش سائیڈ نے7وکٹ پر ہدف حاصل کرکے حریف کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

اس میچ کے اگلے روز پاکستانی کوچ باب وولمر ہوٹل باتھ روم میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کے منہ سے خون بہہ رہا تھا جبکہ گرنے سے قبل الٹیاں بھی کی تھیں، یہ خبر پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی۔

(جاری ہے)

شروع میں جمیکا کے ڈپٹی پولیس کمشنر مارک شیلڈز نے وولمر کی موت کو قتل قراردیا۔ ان کا اور دیگر پولیس آفیشلز کا پاکستانی ٹیم اور آفیشلز کے ساتھ رویہ انتہائی ہتک آمیز رہا، نہ صرف انھیں شامل تفتیش کیا گیا بلکہ ڈی این اے ٹیسٹ تک لیے گئے تھے۔

اس وقت اس قسم کی بھی خبریں آئیں کہ سٹہ مافیا نے مطلوبہ نتائج برآمد نہ ہونے کی وجہ سے وولمر کو انتقام کا نشانہ بنایا۔ طویل تحقیقات کے بعد اتھارٹیز نے وولمر کی موت کو طبعی قرار دیتے ہوئے فائل بند کردی لیکن جس پراسرار انداز میں ان کا انتقال ہوا شاید اس کا راز کبھی نہیں کھل سکے گا۔