شمالی وزیرستان میں عارضی بے گھر افراد کی واپسی کا عمل (کل ) سے شروع ہوگا،

10 لاکھ عارضی بے گھر افراد کوان کے گھروں میں واپس بھیجنے میں وقت لگے گا،حالات بہتر ہونے پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو واپس ان کے گھروں کو بھیجنا شروع کر دیں گے، وفاقی وزیر سیفران کی برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو

جمعہ 13 مارچ 2015 20:42

شمالی وزیرستان میں عارضی بے گھر افراد کی واپسی کا عمل (کل ) سے شروع ہوگا،

اسلام آباد /برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء ) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں شہریوں کی ان کے گھروں کو واپسی (کل )اتوار سے شروع ہو جائے گی۔جمعہ کو جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے10لاکھ کے قریب افراد کی اپنے گھروں کو مرحلہ وار واپسی کا عمل اتوار سے شروع ہورہاہے ۔

ریاستوں اورسرحدی علاقوں کے امور کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے برطانو ی خبر ایجنسی کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز گزشتہ برس جون میں کیا تھا جس کے باعث وہاں سے قریب دس لاکھ باشندے بے گھر ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

عبدالقادر بلوچ نے کہاکہ ظاہر ہے کہ اتنے زیادہ باشندوں کی ان کے گھروں کو واپسی میں وقت لگے گا۔

لیکن جیسے جیسے حالات بہتر ہوتے جائیں گے، ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو واپس ان کے گھروں کو بھیجنا شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں داخلی ہجرت کرنے والے کل تقریباً دو ملین شہریوں کو واپس ان کے آبائی علاقوں میں بھیجنا ہے۔ ان شہریوں کا تعلق شمالی وزیرستان سے بھی ہے اور دو دیگر قبائلی علاقوں جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سے بھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :