دنیا کی کوئی طاقت ہمیں تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے مقدس مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، ڈاکٹر اشرف آصف جلا لی

جمعہ 13 مارچ 2015 23:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) سربراہ تحریک صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلا لی نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے مقدس مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ تحفظِ ناموس رسالت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ممتاز قادری کا یہ قصور ہے کہ وہ عاشق رسول اور محب وطن پاکستانی ہے ،جس نے عشق رسول کے جذبے سے سرشار ہوکر اس گستاخ رسول کوواصل جہنم کیا جو ناموس رسالت کے قانون کو کالا قانون کہتا تھااور گستاخ رسول عورت کی حمایت کرتاتھا۔

(جاری ہے)

غازی ممتاز حسین قادری نے عاشق رسولﷺ ہونے کا ثبوت دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری کا عمل قرآن وسنت کے عین مطابق ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے عاشق رسول غازی علم دین شہید کی رہائی کیلئے انگریز کی عدالت انگریز کے بنائے ہوئے قانون کے خلاف رہائی کیلئے پیروی کی لیکن انگریز کے قانون نے غازی علم دین شہید کو پھانسی کی سزا دی ۔آج پاکستان کا آئین وقانون انگریز کا پابند نہیں بلکہ قرآن وسنت کا پابند وتابع ہے ۔ لہٰذا ممتاز قادری کا کیس آئین کی اساس کے مطابق شرعی عدالت میں چلایا جائے ،ممتاز قادری کی رہائی کیلئے ہر عاشق رسول شرعی و آئینی جدوجہد جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :