آئی سی سی ورلڈکپ ، پاکستان اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈکیخلاف کل ایڈیلیڈاوول میں کھیلے گا

ہفتہ 14 مارچ 2015 12:11

آئی سی سی ورلڈکپ ، پاکستان اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈکیخلاف کل ایڈیلیڈاوول ..

ایڈیلیڈاوول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) 11ویں آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈکیخلاف کل اتوارکو ایڈیلیڈاوول میں کھیلے گا۔ گروپ بی کی ٹیمیں پاکستان اور آئرلینڈایڈیلیڈاوول کرکٹ گراؤنڈمیں مدمقابل ہوں گی۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔کوارٹرفائنل تک رسائی یقینی بنانے کے لئے گرین شرٹس کو آئرلینڈ کو ہر حال میں ہراناہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اور اگر مگر کوئی نئی بات نہیں، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے ہارنے کے بعد دعاوٴں کے سلسلے نے زور پکڑا تو گورکھ دھندے کو دیکھتے ہوئے حساب کتاب کیلئے کیلکولیٹر بھی نکل آئے۔شائقین اس چکر میں گھن چکر ہوگئے کہ پاکستان کیسے کوارٹرفائنل میں پہنچے گا؟ گروپ بی میں بھارت کوارٹرفائنل میں اپنی انٹری دے چکا ہے جبکہ بقیہ تین ٹیموں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

شاہینوں کو اگر مگر کا چکر ہٹانا ہے تو آئرلینڈ کو ہرانا ہوگا۔ پاکستان کے گروپ میں چھ پوائنٹس ہیں۔ ایک اور جیت کوارٹرفائنل کا دورازہ کھول دے گی۔ ورنہ ہار واپسی کا پروانہ بھی تھماسکتی ہے۔آئرلینڈ سے میچ ڈرا ہوا تو بھی پاکستان کوارٹرفائنل کھیلنے کی پوزیشن میں ہوگا۔ اب پاکستان کے لئے آئرلینڈ سے میچ پری کوارٹرفائنل ہوگا۔قوم کو اب سارے کام چھوڑ کر دعا اور درود پر لگ جانا چاہئیے کیونکہ کہیں بھی اورکبھی بھی کسی بھی ٹیم کو ہرانے والے شاہین کہیں بھی اور کبھی بھی کسی بھی ٹیم سے ہار بھی جاتے ہیں۔پاکستان نے میگا ایونٹ میں جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اورزمبابوے کو شکست دی ہے جبکہ گرین شرٹس کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

متعلقہ عنوان :