حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کسان مشکلات کا شکار ہیں ‘ سعدیہ سہیل رانا

ہفتہ 14 مارچ 2015 15:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کسان مشکلات کا شکار ہیں ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے اور وہ سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت انکے مطالبات تسلیم کرے جنکی حکومت نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ویہاڑی میں کسانوں پر تشدد کی سخت مذمت کی جہاں پر انکے خلاف انتظامیہ نے بدترین غنڈہ گردی کی۔ کسان تنظیموں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے آنیوالی گندم کی فصل کی آخری دانے تک خریداری نہ کی تو پھر سارا پنجاب حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہو گا اور انہیں منہ چھپانے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور ہر سطح پر اُن کے احتجاج میں ساتھ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے چاول، گنے اور آلو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہوا ہے لیکن پنجاب حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔