بھارت نے زمبابوے کو 6وکٹوں سے شکست دیکر ورلڈ کپ 2015ء میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی

ہفتہ 14 مارچ 2015 15:14

بھارت نے زمبابوے کو 6وکٹوں سے شکست دیکر ورلڈ کپ 2015ء میں مسلسل چھٹی کامیابی ..

آکلینڈ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) بھارت نے زمبابوے کو 6وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی۔زمبابوے کی پوری ٹیم 48.5اوورز میں 287رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور جواب میں بھارت نے 48.4اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

زمبابوے کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور مساکادزار چوتھے اور پھر چبابا اس سے اگلے ہی اوور میں کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔زمبابوے کی تیسری وکٹ 11ویں اوور میں گری جب سولومن میرے 9 رنز بنانے کے بعد دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔ زمبابوے کی پانچویں وکٹ 235کے مجموعی سکور پر گری جب برینڈن ٹیلر کو شرما نے آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

برینڈن ٹیلر نے شاندار سنچری کی بدولت اپنے آخری ایک روزہ میچ کو خوب یاد گار بنایا اور 15چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے 138رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، سین ولیمز نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57گیندوں میں 50رنز بنائے۔

کریگ ارون 27رنز سکور کر کے شرما کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔سکندر رضا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 3چھکوں اور ایک چوکے مدد سے 15گیندوں میں 28 رنز بنائے۔ ان کو شامی نے آؤٹ کیا۔شامی نے تناشے کو 6رنز پر آؤٹ کیا۔چکابوا کو یادیو نے 10رنز پر آؤٹ کیا۔بھارت کی جانب سے محمد شامی، امیش یاد اور موہت شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی چندرن اشون ،محمد شامی، موہت شرما اور امیش یادو کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

جواب میں بھارت نے 288رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، 92رنز پر 4کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ پر زمبابوے کی گرفت مضبوط ہوگئی تاہم کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور سریش رائنا نے 196رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے بھارت کو فتح کی دہلیز پار کراتے ہوئے ورلڈ کپ میں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھا، دھونی 85اور رائنا 110رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما 16، شیکھر دھون 4، ویرات کوہلی 38اور اجنکیا رہانے 19رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کے تناشے پنینگرا نے 2جبکہ سکندر رضا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر سریش رائنا کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔یہ دونوں ٹیموں کا آخری پول میچ ہے جس کے نتیجے سے دونوں ٹیموں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔بھارت پہلے ہی دس پوائنٹس سے ساتھ پول بی میں پہلے نمبر پر ہے اور کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے جہاں 19مارچ کو اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

دوسری طرف زمبابوے کی ٹیم پانچ میں سے چار میچ ہار کر پہلے ہی کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ورلڈ کپ میں بھارت نے 8مرتبہ زمبابوے کا سامنا کیا ہے جس میں اسے سات میچوں میں کامیابی ملی اور 1999ء میں انگلینڈ میں ہوئے ورلڈ کپ میں زمبابوے نے بھارت کو تین رنز سے شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوان :