ون ویلنگ روکنے کیلئے گزشتہ روز لبرٹی چوک میں آگاہی کیمپ لگایاگیا

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرطیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کو روکنے کیلئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہو گی۔ اس حوالہ سے گزشتہ روز لبرٹی گول چکر کے قریب اٹلس ہنڈا اور فاسٹ کیبل کے تعاون سے ٹریفک آگاہی کیمپ لگایا گیا جس میں مختلف سکولوں کے بچے شامل ہوئے۔ بچوں نے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے مختلف بینرز اُٹھا رکھے تھے۔

آگاہی کیمپ میں موٹر سائیکل سواروں کو پمفلٹ تقسیم کیے گئے اور موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو بریف کیا گیا۔ آگاہی کیمپ میں اٹلس ہنڈا کے سیفٹی مینیجر تسلیم شجاع بھی موجود تھے۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ون ویلنگ جیسے خطرناک کھیل سے روکنا ہم سب کا فرض ہے اورخصوصاََ والدین اس میں پولیس کی مدد کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ون ویلنگ کو روکنے کیلئے کوشاں ہے اس سلسلہ میں گزشتہ روز آگاہی کیمپ بھی لگایا گیا جس میں نوجوانوں کو بریف کیا گیا۔

ٹریفک ایجوکیشن ٹیم کے ساتھ مختلف سکولوں کے بچوں نے بھی آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے اور لوگوں کو اس خطرناک کھیل کے نتائج بھی بتائے ۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ 60 سے زائد وارڈنز ویڈیو کیمروں کے ساتھ مختلف شاہراہوں پر تعینات کئے گئے ہیں جو ون ویلرز کی تصاویر اور موٹر سائیکلزکے نمبرز فوکس کریں گے۔