قومی وطن پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے تین ممبران اسمبلی کوشوکاز نوٹس جاری

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:54

قومی وطن پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے ..

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وطن کور پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کر رہے تھے۔اجلاس میں سینیٹ انتخابات ،پارٹی کے تنظیمی امور،ملک کی سیاسی صورتحال اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی۔سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے تین ممبران اسمبلی کوشوکاز نوٹس جاری کیا گیا جن میں بخت بیدارخان،سلطان محمد خان اور گوہر نواز شامل ہیں۔

پارٹی چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور پارٹی عہدیدار اور کارکن ابھی سے تیاریاں شروع کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس موقع پر پارٹی کے تمام تنظیموں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور وطن پال لائرز ونگ کو ازسر نومنظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں قومی وطن پارٹی بھرپور حصہ لے گی ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندہ ہے اور ان کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور ان کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پختونوں کو دہشت گردی،انتہا پسندی ،بے روزگاری جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے لیکن تبدیلی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے صوبے کی ترقی اور امن کے قیام کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے ایفا کرنے میں سنجیدہ نہیں اور مختلف حیلوں بہانوں سے اقتدار کو طول دے رہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ لاکھوں پختون اب بھی ملک بھر میں آئی ڈی پیز کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔