پاکستانی ڈرون براق پاکستان کے سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی ماہرین کی بڑی کامیابی ہے ‘ لیاقت بلوچ ،

ایٹمی صلاحیت رکھنے والا ملک لاتعداد خطرات سے دوچار ہے ، لیزرگائیڈڈ میزائل ٹیکنالوجی پاکستان کی ضرورت ہے

ہفتہ 14 مارچ 2015 23:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستانی ڈرون براق پاکستان کے سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی ماہرین کی بڑی کامیابی ہے ، ایٹمی صلاحیت رکھنے والا ملک لاتعداد خطرات سے دوچار ہے ، لیزرگائیڈڈ میزائل ٹیکنالوجی پاکستان کی ضرورت ہے ۔ ٹیم کی انتھک کوششوں اور قومی خدمات پر پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ، پاکستان کے ماہرین نے پھر ثابت کر دیاہے کہ پاکستان ہر نعمت اور صلاحیت سے مالا مال ہے صرف عزم اور ہدف کے حصول کا جذبہ ہوناچاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہو ر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی میں امن پوری قوم کا مطالبہ ہے ۔ ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان ، بے گناہ انسانوں کے قتل عام کا سدباب ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم نے ہمیشہ اقتدار میں رہ کر جرائم پیشہ افراد کو سرپرستی دے کر اپنے اندر ناسور پال لیے ہیں اسی وجہ سے ایم کیو ایم سیاسی جمہوری یا پارلیمانی گروہ ہونے کی بجائے ایک فاشسٹ گروہ ہے۔

ایم کیو ایم کے گرفتار مجرم نے آج جو گھناؤنے انکشافات کیے ہیں ا س سے سننے والوں کے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں اور ایم کیو ایم کے فاشسٹ گروہ ہونے میں کوئی شبہ نہیں رہا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی ، قانونی اور ریاستی اقدامات کے ساتھ کراچی کے عوام کو کربناک حالات سے نجات دلائی جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت چینی ، تیل ، کپاس ، گنا کے بحران کے بعد اب خوردنی تیل کے بحران کی ذمہ دار ہے ۔

ہر معاملے کو طاقت سے حل کرنا غیر جمہوری اور غیر اقتصادی رویہ ہے ۔ ریاستی اور حکومتی طاقت سے ہر مسئلہ کا حل بڑا خطرناک ہوگا ۔ تیل کی قیمتوں میں کمی لازماً ہونی چاہیے لیکن اس کے لیے حکومت درست سمت میں درست بنیادوں پر اقتصادی اقدامات کرے ۔ گھی عوام کی بنیادی ضرورت ہے حکومت اور مل مالکان حقائق اور عوام کو ریلیف کی بنیاد پر مسائل حل کریں ۔