ہاکی کھلاڑیوں پر انٹرنیشنل لیگز کھیلنے کے دروازے بند

اتوار 15 مارچ 2015 10:58

ہاکی کھلاڑیوں پر انٹرنیشنل لیگز کھیلنے کے دروازے بند
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء ) قومی ہاکی کھلاڑیوں پر انٹر نیشنل لیگز کھیلنے کے دروازے بند ہوگئے ، سیکریٹری پی ایچ ایف کے مطابق ہماری سب سے پہلی ترجیح پاکستا ن ہے ، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیمپ کے لیے مدعو کردہ کسی بھی کھلاڑی کو غیر ملکی لیگز یا ٹورنامنٹ میں شرکت کر نے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن ان دنوں مالی مشکلات کا شکار ہے، جس کا براہ راست اثر قومی پلیئرز پر پڑا،وہ اپنی مالی حالات سدھارنے کیلیے دنیا بھر میں ہونے والی لیگز یا ایونٹس کا حصہ بننے کو ترجیح دیتے ہیں۔

گذشتہ برس بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ کے موقع پر بھی کپتان سمیت بیشتر کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر لیگز کھیلنے میں مصروف تھے۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ سے پلیئرز ایک ماہ کے بجائے صرف 15 دن تک ہی جوش وخروش کے ساتھ ٹریننگ کر سکے۔رواں برس بیلجیئم میں شیڈول اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے پی ایچ ایف نے کیمپ کیلیے طلب شدہ کسی بھی کھلاڑی کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ ہمارے لیے خاصی اہمیت کا حامل ہوگا، اس لیے کسی بھی کھلاڑی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ قومی ڈیوٹی کو چھوڑ کر باہر کے ممالک میں لیگز کھیلنے کو ترجیح دے۔

ذرائع کے مطابق رواں ماہ ہانگ کانگ میں ہالینڈ کپ کا انعقاد ہو رہا ہے،کیمپ میں مدعو شدہ چند پلیئرز نے بھی ٹورنامنٹ انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کر رکھے ہیں،اس حوالے سے شہناز شیخ نے کہاکہ کھلاڑی آج جو کچھ بھی ہیں اسی ملک کی بدولت ہیں، اس لیے انہیں ذاتی مفاد کے بجائے ملک کا سوچنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ برس بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی کپتان سمیت سینئر کھلاڑی باہر کے ممالک میں ہاکی کھیلنے میں مصروف تھے، اس وجہ سے بھر پور طریقے سے ٹریننگ نہ کرائی جا سکی۔

انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کھلاڑیوں کو اجازت نامہ دینے کا اختیار پی ایچ ایف کے پاس ہے۔ تاہم اگر اعلی عہدیداروں نے مجھ سے رابطہ کیا تو کسی بھی کھلاڑی کواین او سی جاری نہ کرنے کا مشورہ دوں گا۔ اس حوالے سے سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی سے رابطہ کیا تو انھوں نے واضح کیا کہ کیمپ کا حصہ بننے والے کسی بھی کھلاڑی کو انٹرنیشنل مقابلوں کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک سب سے پہلے پاکستان ہے، کسی کو بھی قومی مفاد پر انفرادی فائدے کو ترجیح دینے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :