اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں روزافزوں اضافہ تشویشناک ہے‘ پاکستان بزنس فورم ،

پرائس کنٹرول کمیٹیوں میں عوام اور صارفین کے حقیقی نمائندوں کوشامل کیاجائے‘ سمیع اللہ بٹ ، چوہدری محمد شفیق

اتوار 15 مارچ 2015 16:17

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) پاکستان بزنس فورم پنجاب کے صدر سمیع اللہ بٹ اور نائب صدر چوہدری محمد شفیق نے اپنے ایک بیان میں مختلف اشیاء بالخصوص اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے پر اپنی گہری تشویش کااظہارکیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں،اشیاء کے لوکل مینوفیکچررزاور ڈیلرزنے مل کر ایک کارٹل بنارکھا ہے اور یہ باہم مل کر عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور یہ تینوں عناصرایک دوسرے کی کمزوریوں اور عوام کے ساتھ روارکھے جانے والے ظلم وستم کی پردہ پوشی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس کے بل اور نرخ حکومت نے بڑھا رکھے ہیں۔تیل بھی عالمی منڈی کے مقابلے میں مہنگاہے۔سبزی،گوشت،دالوں اور چاولوں کے گرانقدربھاؤڈیلرزاور آڑھتیوں کاظلم وستم ہے اور عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجودگھی اور آئل کے لوکل مینوفیکچررزکاقیمتیں کم نہ کرنا اور ان کے سامنے حکومت کی بے بسی نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنارکھاہے اور ان کے گھروں کے ماہانہ بجٹ کوبری طرح متاثر کررکھاہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی کے ہاتھوں تنگ لوگ ذہنی تذبذب کاشکار ہوکے طرح طرح کے خطرناک سماجی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں۔انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے حکومت سے یہ مطالبہ کیاہے کہ وہ فوری طور پر افراط زر پر قابو پائے اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو 90روپے کی سطح پر لایا جائے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں میں عوام اور صارفین کے حقیقی نمائندوں کونمائندگی دیتے ہوئے انہیں فعال،متحرک اور موثر بنایاجائے اور گراں فروشوں کوبرسرموقع سخت سزائیں دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :